• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ سے برطانیہ تنہا ہوجائے گا، معاشی نقصان کا تاثر درست نہیں، کمیونٹی رہنما کوونٹری

کوونٹری (وقارملک) بریگزٹ نہیں چاہتے عوام کو معاشی ترقی اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے دنیا کے ساتھ رہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کوونٹری فلاور کے صدر چوہدری عامر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بدلتے ہوئے حالات میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے نہ کہ بریگزٹ کے ذریعے دنیا کو چھوڑا جائے۔ برطانیہ بریگزٹ کے ذریعے اکیلا ہوجائے گا۔ عوام کو معاشی طور پر نقصان ہوگا۔ مسلم ریسورس سینٹر کے جنرل سیکرٹری اور مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ بریگزٹ انتہائی ضروری ہے۔ برطانیہ اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکتا ہے۔ ترقی کے ذریعے دنیا کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے۔ برطانیہ دنیا کا ایک بڑا ملک ہے جو سپر پاور ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی سطح پر بھی مستحکم ہے۔ برطانیہ کے بارے میں یہ رائے غلط ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانہ اکیلا رہ جائے گا۔ ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ برطانہ مضبوط ملک ہے اور ہر ایک اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ بریگزٹ عوام کی منشا کے مطابق ہوگا اور عوام برطانیہ کی خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ چوہدری مشتاق نے کہا کہ بریگزٹ سے قبل ہمیں اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کا سوچنا ہوگا۔ ہمارا نوجوان طبقہ تعلیم حاصل کرکے دنیا میں اپنا آپ متعارف کروانے کا جذبہ رکھتا ہے۔ یورپین یونین کے ساتھ رہ کر یہاں نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔ وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے والوں کو بھی حوصلہ ملے گا۔ اس طرح برطانیہ اور یورپین عوام خوشحال ہوں گے۔ دنیا کے بدلتے حالات کے پیش نظر ہمیں یورپین یونین کے ساتھ ہی رہنا چاہیے۔ دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ عوام خود فیصلہ کرلیں گے چوہدری محمد رشید نے کہا کہ بریگزٹ کا سن سن کر ہمارے کان پک گئے۔ کبھی ہاں اور کبھی نہ، دشواریاں بڑھ رہی ہیں۔ مشکلات میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ لوگ بریگزٹ کا سن کر کاروبار بند کررہے ہیں۔ یورپین یونین کے عوام برطانیہ سے نکل رہے ہیں یا نکلنے کا سوچ رہے ہیں۔ کاروبار میں مندی آگئی ہے۔ حکومت فوری فیصلہ کرے یا ریفرنڈم کا اعلان کردے۔ دوبارہ فیصلہ ہو، تاکہ جو گومگو کی کیفیت طاری ہے وہ ختم ہو۔ چوہدری قیوم، چوہدری محبوب سابق امیدوار برائے (MRC) نے کہا کہ فیصلہ عوام کو ہی کرنا ہے۔ دوبارہ ریفرنڈم سے معاملات کافی حد تک حل ہوجائیں گے۔ عوام کوا یک مرتبہ پھر موقع دیا جانا چاہیے۔ پہلے حالات اور معاملات واضح نہیں تھے، دوبارہ ریفرنڈم کے ذریعے حتمی فیصلے میں آسانی ہوگی۔
تازہ ترین