• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور امارات میں 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ، ایک ارب فوری ملے گا

ابو ظہبی (اے پی پی‘این این آئی) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ارب ڈالر قرض کیلئے معاہدہ طے پاگیا‘معاہدے کے تحت یو اے ای پاکستان کو ایک ارب ڈالر اگلے چندروز میں منتقل کریگا جبکہ بقیہ 2 ارب ڈالر دو قسطوں میں آئندہ دو ہفتوں میں فراہم کردیئے جائینگے۔اے پی پی کے مطابق ابوظہبی فنڈ برائے ترقی(اے ڈی ایف ڈی) نے پاکستان کو مالیاتی پالیسی میں تعاون کیلئے اعلان کردہ 3 ارب ڈالر (11 ارب درہم) اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو منتقل کرنے کے انتظام کو حتمی شکل دیدی۔متحدہ عرب امارت کی نیوزایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی فنڈ کے ڈی جی محمد سیف السویدی اورا سٹیٹ بنک آف پاکستان کے گورنر طارق باجوہ نے یہاں فنڈ کے ہیڈکوارٹرز میں اس معاہدے پر دستخط کئے۔اس موقع پراپنے خطاب میں محمد سیف السویدی نے کہاکہ عرب امارات کی قیادت پاکستان کا معاشی استحکام چاہتی ہے اور انہی مقاصد کیلئے اسٹیٹ بنک کو یہ 3 ارب ڈالر منتقل کئے جارہے ہیں‘ تقریب سے خطاب میں طارق باجوہ نے کہاکہ ابوظہبی فنڈ کے تعاون سے پاکستان کو پائیدار ترقی اور دیرپا معاشی استحکام حاصل کرنے کی کوششوں میں بہت تعاون ملا ہے ۔ابوظہبی فنڈ کی طرف سے پاکستان کو ماضی سے لیکر اب تک ڈیڑھ ارب درہم کا مالی تعاون بھی فراہم کیا جاچکا ہے جو کہ پانی ، تعلیم ، صحت جیسے عوامی شعبوں پر خرچ کئے گئے ۔

تازہ ترین