• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کے سربراہ اندریش کمار کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان، نصیرالدین شاہ اور سابق بھارتی کرکٹر سدھو غدار ہیں اور یہ لوگ عزت کے قابل نہیں ہیں۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز نائو‘ کے مطابق بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت ’راشٹریہ سیوک سنگھ ‘ (آر ایس ایس ) کے سربراہ اندریش کمار نے گزشتہ روز ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بھارت میں اجمل قصاب، یعقوب اور عشرت جہاں جیسے مسلمان نوجوانوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

’یہ لوگ عزت کے قابل نہیں‘
بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت’ راشٹریہ سیوک سنگھ ‘ (آر ایس ایس ) کے سربراہ اندریش کمار

اندریش کمار نے کہا کہ بھارت میں صرف اُن کی ضرورت ہے جو سابق بھارتی صدر اے پی جے عبدالکلام کے دکھائے راستے پر چلتے ہیں جبکہ وہ لوگ جو اجمل قصاب جیسے لوگوں کے راستے پر چلتے ہیں انہیں غدار تسلیم کیاجائے گا۔

ہندو انتہا پسند جماعت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو، نصیرالدین شاہ اورعامر خان اچھے اداکار ہوں گے لیکن یہ لوگ عزت کے قابل نہیں ہیں۔ یہ میر جعفر اور راجپوت کے راجا جے چند کی طرح یہ غدار ہیں۔

واضح رہے کہ نصیرالدین شاہ نے کچھ ماہ قبل ایک بیان دیا تھاکہ ’یہاں گائے کی جان پولیس اہلکار کی جان سے زیادہ قیمتی ہے‘ جس کے بعد انہیں مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا،یہاں تک کہ بھارتی ہندو انتہا پسند جماعتوں نےانہیں غدار قرار دیتے ہوئے بھارت چھوڑ کر پاکستان چلے جانے کا بھی مشورہ دے دیاتھا۔

اداکار عامر خان نےچند سال قبل اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ ملک کے حالات دیکھتے ہوئے بھارت چھوڑنے پر غور کررہے ہیں۔

دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو بے خوف ہوکرکئی بار پاکستان کے لیے اپنی محبت کا میڈیا پر اقرار کرچکے جس کے بعد سے وہ بھی ہندو انتہا پسند جماعتوں کے نشانے پر ہیں۔

تازہ ترین