• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: معصوم بچی کو سمندر میں ڈبونے والی ماں گرفتار

کراچی کے علاقے کلفٹن میں شقی القلب ماں کے ہاتھوں سمندر میں ڈبو کر قتل کی گئی پھول جیسی ڈھائی سالہ بچی کی لاش آج صبح دو دریا کے قریب سے مل گئی۔

ساحل پولیس کے مطابق واقعہ ڈیفنس فیز 8 میں فرحان شہید پارک کے قریب گزشتہ شام پیش آیا تھا۔

ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں شہریوں کی نشاندہی پر 28 سالہ ملزمہ شکیلہ راشد کو گرفتار کیا، شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ مذکورہ خاتون نے اپنی کمسن بچی کو سمندر میں ڈبو دیا ہے۔

پیر محمد شاہ کے مطابق ملزمہ کی ڈھائی سالہ بچی انعم کی لاش آج عمار اپارٹمنٹ کے قریب دو دریا کے سمندر سے مل گئی ہے، قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق خاتون نے بیان دیا ہے کہ اس کے شوہر نے ایک ماہ قبل اسے بلاوجہ گھر سے نکال دیا تھا، اس کے باپ نے بھی جگہ نہ دی، وہ دربدر ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے اس نے بچی سے چھٹکارا پا یا اور اس کے بعد خود بھی مرنا چاہتی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ شکیلہ راشد گولیمار کی سلطان آباد کالونی کی رہائشی ہے، ساحل پولیس کے مطابق ملزمہ کا شوہر راشد شاہ کراچی کے نجی اسپتال میں ملازم ہے۔

تازہ ترین