• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان IMF معاشی اصلاحات پرمتفق، دبئی میں وزیراعظم اور فنڈ منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات، بہتر گورننس اور غریب کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مضبوط پیکیج ضروری ہے، آئی ایم ایف

دبئی / اسلام آباد (جنگ نیوز / اے پی پی / مہتاب حیدر ) وزیراعظم عمران خان نے دبئی میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات کی جس کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف معاشی اصلاحات پر متفق ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ کے تعاون کو سراہا اور قومی تعمیر کیلئے اپنے وژن کے بارے میں کہا کہ پاکستان میں معاشی اصلاحات کررہے ہیں ، سماجی تحفظ کو فروغ دیں گے جبکہ سربراہ آئی ایم ایف کرسٹین لیگارڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں ، بہتر گورننس اور غریب کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مضبوط پیکیج ضروری ہے، پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے، پاکستانی معیشت میں استحکام معاشی اصلاحات اور فیصلہ کن پالیسیوں سے آئے گا۔ علا وہ ازیں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ حکمرانوں نے عوام کا پیسہ عیاشی میں اُڑایا ، پچھلی حکومتوں پر عوام کا اعتماد نہ تھا اس لئے ٹیکس نہیں دیتے تھے ، ʼاصلاحات مشکل لیکن ضروری ہیں، پاکستان کو بہت اوپر لے کر جانا چاہتا ہوں، پاکستانی خیرات دینے میں آگے ٹیکس دینے میں پیچھے ہیں، اب سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے، لوگ یہاں آکر پیسہ بنانے کا موقع ضائع نہ کریں۔جبکہ انہوں نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان،دبئی کے حکمراں محمد راشدالمکتوم اور لبنان کے وزیراعظم سعد الدین رفیق الحریری سے بھی ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈسے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2019ء کے موقع پر دبئی میں ملاقات کی جو 40منٹ تک جاری رہی ۔ ملاقات میں عمران خان نےاپنی حکومت کےکرپشن کیخلاف جاری اقدامات سےآگاہ کیا۔آئی ایم ایف کی سربراہ نے اقد اما ت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے کرپشن کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں‘ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرسمیت دیگرحکام بھی موجود تھے‘ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اوربیل آؤٹ پیکیج پربات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں‘ حکومت پاکستان معیشت کے استحکام کیلئے پر عزم ہے ‘ حکومت پا کستا ن معاشی اصلاحات کر رہی ہے اورملک میں سماجی تحفظ کوفرو غ دے گی۔ عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کےامکانات پربات چیت ہوئی‘ پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفتگو ہوئی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکیج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا‘ پاکستان کی حکومت درست سمت معاشی اقدامات کررہی ہے ا ور معیشت کی بہتری کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔ اعلا میے کےمطابق پاکستان اور آئی ایم ایف معاشی اصلاحات پر متفق ہیں۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مس کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی، ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل ناگزیر ہے، اصلاحات کے عمل سے کم آمدن والے طبقہ کو تحفظ ملے گا۔ دریں اثناءدبئی میں ورلڈگورنمنٹ سمٹ سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کاکہنا تھا کہ 60ءکی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک تھا مگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکاجس کا سبب ماضی کے حکمرانوں کاعوام کاپیسہ عیاشی میں اڑانا تھا ‘ لوگ ماضی کی حکومتوں پراعتمادنہیں کرتےتھےاس لئےوہ ٹیکس نہیں دیتے تھے۔

تازہ ترین