• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرسکتا ہوں،ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اپنا صدارتی اختیار استعمال کریں گے۔ہنگامی حالت کے نفاذ کی صورت میں صدر ٹرمپ کانگریس کی منظوری کے بغیر بجٹ میں مختلف مدات میں رکھی گئی رقم دیوار کی تعمیر کے لیے استعمال کرسکیں گے۔وائٹ ہاؤس نے ہنگامی حالت کے نفاذ کے اشارے کے ساتھ ہی یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ صدر کانگریس کے منظور کردہ اس بجٹ پر بھی دستخط کردیں گے جو کانگریس نے جمعرات کو منظور کیا ہے۔ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ نے جمعرات کو بھاری اکثریت سے اس بجٹ کی منظوری دی تھی جس کے تحت 30 ستمبر تک جاری رہنے والے رواں مالی سال کی باقی ماندہ مدت کے لیے سرکاری محکموں کو درکار بجٹ فراہم کیا جاسکے گا۔اطلاعات ہیں کہ بجٹ دستاویز جمعے کو کسی وقت صدر کے دستخط کے لیے وائٹ ہاؤس بھیجی جائے گی۔بجٹ کی منظوری کے لیے کانگریس اور وائٹ ہاؤس کے پاس جمعے کی نصف شب تک کا وقت تھا اور اگر اس سے قبل صدر نے بجٹ پر دستخظ نہ کیے تو امریکی حکومت ایک بار پھر جزوی شٹ ڈاؤن کا شکار ہوسکتی ہے۔لیکن جمعرات کو وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا کہ صدر ٹرمپ کانگریس کے منظور کردہ بجٹ پر دستخط کردیں گے۔ لیکن ان کے بقول صدر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ دیوار کی تعمیر کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ سمیت دیگر اختیارات بھی استعمال کریں گے۔صدر ٹرمپ کانگریس سے دیوار کی تعمیر کے لیے بجٹ میں 7ء5 ارب ڈالر کی رقم کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن ڈیموکریٹس نے یہ مطالبہ ماننے سے صاف انکار کردیا تھا۔

تازہ ترین