• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعد رفیق کو بکتر بند میں لانا افسوسناک اور تضحیک آمیز ہے ،احتساب کریں لیکن کسی کی تضحیک کا حق اور اختیار کسی کو نہیں۔

خواجہ سعد رفیق کو عدالت میں بکتر بند گاڑی میں لانے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سعد رفیق دہشت گرد اور مفرور نہیں کہ انہیں بکتر بند میں لایا جائے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ حکومت اپنی نالائقیوں اور سیاسی انتقام کی روش سے مجبور ہوکر اس طرح کے کم ظرفی کے اقدامات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر حکومتی خوف کی عکاسی کرتا ہے، ان کے دماغوں میں موجود تضحیک آمیز رویے اب حرکتوں میں نظر آ رہے ہیں ۔

ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے ملک کی شبانہ روز خدمت کی ہے، پاکستان ریلوے جیسے قومی ادارے کو قدموں پر کھڑا کرنے اور اس کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مثالی کام کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواجہ سعد رفیق جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان کے ساتھ یہ ناروا قابل افسوس سلوک قبول نہیں، حکمران ایسے رویے نہ اپنائیں کہ کل ان سے برداشت نہ ہوں۔

تازہ ترین