• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس سےمیزائل نظام کے سودے سے دستبردار نہیں ہونگے،ترکی

انقرہ(این این آئی)ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک روس سے ایس400میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے سودے سے دستبردار نہیں ہوگا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر ایردوان نے کہا ہے کہ’’ ہم نے روس سے ایس400نظام سے متعلق ایک ڈیل سے اتفاق کیا تھا۔ہمارے لیے اس سودے سے دستبرداری کا اب سوال ہی پیدا نہیں ہوتااوریہ ایک طے شدہ سودا ہے‘‘۔ترکی کے فیصلے سے اس کے نیٹو اتحادی ناخوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ میزائل دفاعی نظام معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم کے آلات سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔اس کے علاوہ نیٹو ممالک کو ترک صدر کے روسی صدر ولادی میر پوٹن سے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی تشویش لاحق ہے۔امریکہ نے گذشتہ دسمبر میں ترکی کو ساڑھے تین ارب ڈالرز مالیت کے میزائل نظام فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔اس نے یہ فیصلہ ترکی کی جانب سے روس سے میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے سودے کی اطلاعات کے بعد کیا تھا۔صدر ایردوان نے روس کے جنوبی شہر سوچی میں سہ فریقی سربراہ اجلاس سے واپسی پر ترک صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی امریکہ سے پیٹریاٹ میزائل خرید کرنے کے لیے’’ کھلا ‘‘ ہے لیکن اس فروخت سے ہمارے ملک کے مفادات کا تحفظ ہونا چاہیے۔اس ضمن میں مشترکہ پیداوار ، کریڈٹ اور جلد ڈلیوری تینوں بڑی اہمیت کے حامل ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے پیٹریاٹ میزائل جلد مہیا کرنے پر تو مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے لیکن مشترکہ پیداوار اور قیمتِ خرید ( کریڈٹ) کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا ہے۔اب پہلے سے کیے گئے وعدے کے مطابق یہ میزائل نظام جولائی میں ترکی کو مہیا کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
تازہ ترین