• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجیم کرکٹ فیڈریشن کی سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد

برسلز(عظیم ڈار) بلجیم کرکٹ فیڈریشن کی سالانہ ایوارڈ2018کی تقریب برسلز کے دامن میں واقع ہوٹل لاپلازہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ممبر ایڈورڈ شٹل ورتھ تھے۔ کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی 2019کی افتتاحی تقریب اس دفع یورپی دارالحکمت برسلز سے کی گئی۔ پروگرام میں بلجیم بھر کے 23رجسٹرڈ کلبوں کے ممبران نے شرکت کی اس موقع پر کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ BCFکے پہلے پاکستانی نژاد چیئرمین حسن شاہ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بلجیم کرکٹ فیڈریشن کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور کہا کہ ہم بلجیم میں نئی نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ لوگ نشہ آور چیزوں اور ڈانس کلبوں میں اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے کھیلوں میں حصہ لے کر اپنا اور ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب میں برسلز ٹائون ہال کے عوامی حمایت یافتہ کونسلر محمد ناصر نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی 2019کی افتتاحی تقریب کا آغاز میرے ٹائون ہال سے کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ورلڈکپ کی تقریبات سے نہ صرف بلجیم بلکہ یورپ بھر میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے BCFکے ممبران اور چیئرمین کو مبارکباد دی جنہوں نے ICCکے ساتھ مل کر کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی تیاریوں کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر BCFکی جانب سے کونسلر محمد ناصر کو ICCکے ممبر ایڈورڈ شٹل ورتھ نے اعزازی شیلڈ دی۔ جبکہ ممبر برسلز پارلیمنٹ کو بھی اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا لیکن انکی عدم موجودگی میں انکی شیلڈ عظیم ڈار نے وصول کی۔ اس موقع پر BCFکے ممبرعمیر بٹ نے بتایا کہ ہم ہر سال ایوارڈ کی تقریب منعقد کرکے کارکردگی دکھانے والے کلبوں کے ممبران اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی خصوصی انعامات شیلڈز اسناد اور ٹرافیاں دے کرکرتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں میں کھیل کو مزید بہتر کرنے کی جستجو پیدا ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت BCFکے 23رجسٹرڈ کلبس ہیں جن میں پاکستانی بیلچ، انڈین، افغانستان اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس موقع پر برین سی سی کرکٹ کلب کے کپتان شہباز مرزا نے کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی 2019کی تقریبات پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ برسلز جوکہ فٹ بال کا گڑھ ہے یہاں کرکٹ کی پروموشن سے یورپ بھر میں کرکٹ کے شائقین میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے RBCCکرکٹ کلب کے کپتان وقاص علی راجہ کو فرسٹ  ڈویژن میں بیسٹ آف دی ائرایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ پروگرام میں پانچ ڈویژن کے کھلاڑیوں اور کلب ممبران کو بہتر پرفارمنس کرنے پر انعامات دیئے۔ پروگرام میں اوسٹنڈ سی سی کرکٹ کلب کے کپتان شفقت احمد کو اپنے کلب کی طرف سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے پر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں 2018ء کے بیسٹ پلیئر کی فوٹوز پروجیکٹر پر دکھائی گئیں۔ پاکستان کرکٹ کلب کے سینئر کھلاڑی جہانزیب کو اچھی پرفارمنس کرنے پر اعزازی شیلڈ دی گئی۔ پروگرام میں کونسلر عامر سنی کی اعزازی شیلڈ کونسلر محمد ناصر نے وصول کی، جبکہ شیراز رفیع، مرزا عمران بیگ، برین سی سی کرکٹ کلب کے چیئرمین پرمود اوجلہ، چوہدری جمیل نمایاں تھے۔
تازہ ترین