• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں امن کا راستہ کشمیر سے ہوکر جاتا ہے،برطانوی ارکان پارلیمنٹ

کراچی (ٹی وی رپورٹ ) برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ صرف انڈیا پاکستان کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے، انڈیا کی وجہ سے کشمیر کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن پر پیشرفت نہیں ہوسکی ہے، انڈیا کشمیر میں اقوام متحدہ اور برٹش پارلیمنٹرینز کو داخلہ کی اجازت نہیں دے رہا ہے،انڈیا کچھ نہیں چھپارہا تو برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو کشمیر جانے کی اجازت دے، پاکستان اور انڈیا کو دوبارہ مذاکرات شروع کرنے چاہئیں، پاکستان کی طرف سے کرتارپور بارڈر کھولنا مثبت اقدام ہے، عمران خان میں کوئی کمزوری نہیں کمزور ان کی ٹیم ہے، کابینہ میں اچھے اور تجربہ کار لوگ ہونے چاہئیں، کابینہ میں شامل جن وزراء پر کرپشن کے الزامات ہیں انہیں بھی احتساب کا سامنا کرنا چاہئے، لیبر پارٹی حکومت میں آئی تو کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اٹھائے گی، برطانیہ ہندوستان پاکستان کو قریب لانے میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، عمران خان مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں کیونکہ اس وقت امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن کا راستہ کشمیر سے ہوکر جاتا ہے، مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا تو افغانستان میں انڈیا اور پاکستان کی پراکسی وار چلتی رہے گی،عمران خان احتسابی عمل میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی قائم کریں۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ ناز شاہ ،وریندرا شرما،فیصل رشید،محمد یاسین ،لارڈ قربان اور خالد محمود نے ان خیالات کا اظہار جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناز شاہ نےکہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں انگریز اور مسلمان تقریباً برابر ہیں، انڈیا کی وجہ سے کشمیر کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن کی تکمیل پر پیشرفت نہیں ہوسکی ہے، انڈیا کشمیر میں نہ اقوام متحدہ نہ ہی برٹش پارلیمنٹرینز کو داخلہ کی اجازت دیتا ہے، صرف لیبر ایم پی ایز ہی نہیں ٹوری ایم پی ایز کو بھی انڈیا کشمیر جانے کیلئے ویزے نہیں دے رہا ہے، انڈیا کشمیر میں بین الاقوامی گروپس کو آنے کی اجازت دے گا تو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے آجائیں گی۔ناز شاہ کا کہنا تھا کہ بطور رکن پارلیمنٹ مقامی مسائل کے ساتھ دنیا کی بھی ذمہ داری اٹھانا پڑتی ہے، کشمیر کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس میں برطانوی حکومت کا ہاتھ تھا، برطانیہ میں ہماری کمیونٹی کیلئے کشمیر کا ایشو بہت اہم ہے، کشمیر کا مسئلہ صرف انڈیا پاکستان کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے، بریگزٹ ہمارے لئے بڑا مسئلہ ہے اس کی وجہ سے دیگر مسائل پر فوکس نہیں ہوپارہا ہے، کابینہ دو سال آپس میں جھگڑتی رہی اور بریگزٹ کیلئے مذاکرات نہیں کیے، برطانوی حکومت تجارتی معاہدوں کی وجہ سے انڈیا کیخلاف نہیں بولتی ہے، کشمیر مقبوضہ علاقہ ہے اس پر ہمیں بات کرنی چاہئے۔ رویندرا شرما نے کہا کہ انڈیا کشمیر کیلئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو ویزے نہیں دے رہا تو ان کا فیصلہ ہے۔

تازہ ترین