• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اور وسیم اکرم سے موازنہ درست نہیں، سرفراز ذہین کپتان، پاکستان کو ورلڈ کپ جتواسکتے ہیں، ویوین رچرڈز

شارجہ (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم کرکٹر اور سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت سکتا تو اس سال پاکستان ورلڈ کپ بھی جیت سکتا ہے۔ میں چار سال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کام کررہا ہوں۔ سرفراز احمد بلاشبہ ذہین اور ورلڈ کلاس کپتان ہیں۔ یہی کسی اچھے اور زیرک کپتان کی نشانی ہے کہ وہ غلطیوں سے سیکھے۔ سرفراز کے پاس کئی ورلڈ کلاس ون ڈے کھلاڑی ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ عمران خان کے بعد سرفراز احمد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب سچ کردیں۔ وہ جمعے کو شارجہ اسٹیڈیم میں نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹر ویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور وسیم اکرم اپنے الگ زون کے کھلاڑی ہیں ان کا سرفراز احمد سے موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔ سرفراز گرائونڈ میں کئی بار غصے میں دکھائی دیتا ہے ، یہ اس کا قدرتی انداز ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں جس طرح اس نے گری ہوئی ٹیم کو اٹھایا اور بھارت سے گروپ میچ ہارنے کے بعد اسے فائنل میں شکست دی یہی ایک اچھے اور قابل کپتان کی نشانی ہے۔ میں نے کلائیو لائیڈ کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے۔ بڑا کپتان وہی ہے جسے کا ساتھی ڈریسنگ روم میں احترام کریں۔ سرفراز احمد ہر وقت ساتھی کھلاڑیوں سے مشورے کرتے رہتے ہیں۔ ویوین رچرڈز نے کہا کہ عمران خان میرے دوست ہیں انہوں نے جس طرح ورلڈ کپ جیتا وہ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا لیکن جب1987میں پاکستان فیورٹ تھا پاکستان ہوم گرائونڈ پر سیمی فائنل ہار گیا۔ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا کسی اور سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ وہ بڑا لیڈر تھا امید ہے کہ اس کی لیڈر شپ میں پاکستان مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ہر بار پاکستانیوں نے محبت دی اور اس بار بھی پاکستان جارہا ہوں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مجھے جس طرح محبت دی ہے میں اسے بھول نہیں سکتا ۔ ندیم عمر اور ان کے اہل خانہ ،منیجر اعظم خان، معین خان سب میری فیملی کی طرح ہیں ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ میں ان کے ہمیشہ ُپرجوش رہنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ جو کھلاڑی میچ نہیں کھیل رہے ہیں ان کے لیے خوشی کا ماحول پیدا کیا جائے۔

تازہ ترین