• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں سمیت6 افراد کی موت، تحقیقاتی ٹیم تشکیل

کراچی میں مبینہ طورپر زہر خورانی سے جاں بحق پانچ بچوں سمیت چھ افراد کی موت کا مقدمہ اب تک درج نہیں کیا گيا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں 3رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ بچوں کے والدین تدفین کے بعد کراچی آئیں گے تو مشاورت سے مقدمہ درج کیاجائے گا ، گیسٹ ہاؤس کے کمرے سے لیے گئے شواہد اور ہوٹل سے کھانے کے سیمپل جانچ کے لیے بھیج دیئے گئے۔

پولیس کے مطابق کیمیائی تجزیہ کے لئے جامعہ کراچی کےایچ ای جےریسرچ انسٹیٹیوٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی بھی لیے گئےنمونوں کی جانچ کررہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے آنے والے خاندان کے 5معصوم بچے گزشتہ روز مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی پھوپھی کا انتقال گزشتہ رات دوران علاج ہوا۔

یہ خاندان سرکاری گیسٹ ہاؤس قصر ناز میں ٹھہرا ہوا تھا، انہوں نے صدر کراچی کے ایک ریسٹورنٹ سے کھانا منگوا کر کھایا تھا جس کے بعد طبیعت خراب ہونے پر ان پانچوں بچوں، ان کی والدہ اور پھوپھی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

تازہ ترین