• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹن میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ

لوٹن (اسرار احمد راجہ) لارڈ ٹیونور اور انگلش کرکٹ بورڈ کے تعاون سے لوٹن بار و کونسل نے ہائی اسکول کے بچوں کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ ٹورنامنٹ کا مقصد مختلف بیک گرائونڈ رکھنے والے بچوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔ راجہ اسلم خان کے مطابق یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے بلکہ لوٹن کے مختلف اسکولوں کے بچوں کیلئے ایک مستقل موقع ہے کہ وہ خود کو اس قابل بنائیں کہ وہ انگلش کائونٹی اور پھر انگلش کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکیں۔ لارڈ ٹیونور اور کرکٹ ایسٹ کے آفیشل عمران ملک جو اس تمام پروگرام کو لیڈ کررہے ہیں جنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے پروگرام ہے۔ اس پروگرام میں جہاں ایشین بچے شریک ہیں وہاں پر دیگر کمیونٹی اور مذاہب اور نسل سے تعلق رکھنے والے لوٹن کے اسکولوں کے بچے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد لوٹن میں بڑھتے ہوئے کرائم کو کنٹرول کرنا، بچوں کو برے کاموں سے ہٹاکر اسپورٹس کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں میں آپس میں ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا اس کیمپ میں لوٹن کے دس اسکولوں کے بچے شامل ہیں جن میں ایسے بچے بھی ہیں جو افغان اور شام جیسے ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ مہاجرین بھی ہیں، یتیم بچے بھی ہیں، ان تمام کو ایک جگہ اکٹھا کرنے سے ان کے درمیان روابط بڑھیں گے۔ عمران ملک کا کہنا تھا کہ اس وقت لوٹن کے دس سے زائد بچے مختلف کائونٹی کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور امید ہے جلد انگلش ٹیم میں بھی لوٹن کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف کرکٹ بلکہ بچوں کو مختلف کلاسز اور ورکشاپس کے ذریعے پڑھائی بھی کروائی جاتی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کبیر علی سابقہ انگلش کرکٹر شفتاب خالد پرفارمنس لیڈ کرکٹ ایسٹ، گلفراز ریاض، نیشنل ایسٹ کرکٹ کونسل کے ممبر کے علاوہ مختلف کائونٹی کے ساتھ کھیلنے والے لوٹن کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین