• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر یورپ کے ایجنڈے کا حصہ بنانے میں کامیابی ہوئی، فاروق حیدر

پیرس (رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے مسئلہ کشمیر یورپی حکمرانوں کے ایجنڈے کا حصہ بنانے میں کچھ کامیابی ہوئی ہے جو کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کا نتیجہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس کے دورہ کے موقع پر نعیم چوہدری کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ ممبران یورپی پارلیمنٹ کو کشمیر کی موجودہ صورتحال، تنازع کے پس منظر اور بھارتی مظالم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی جارہی ہے ، انہوں نےکشمیر میں ہونے والے مظالم، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، حریت پسندوں کی گرفتاریوں، پیلٹ گن کے استعمال، خواتین کی عصمت دری، گمنام قبروں، حریت قائدین کی نظر بندی، تحریک کو دبانے کے لیے مختلف حربوں کے استعمال پر مشتمل تفصیلی گفتگو کی۔اور کہا کہ ہم مسلسل یورپی پارلیمنٹ کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہے اور یورپی پارلیمنٹ میں ایک بڑی کانفرنس اور انسانی حقوق کی سماعت کشمیریوں کی تحریک کے لئے حوصلہ افزاء پیغام ہے۔ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کی جد و جہد کر رہے ہیں جسے بھارت طاقت اور جبر سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب بھی بھارت کی ہر چال اسی پر الٹے گی۔ تقریب سے چوہدری افضال ڈھل نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فرانس، کشمیری رہنما مشتاق بٹ ،چوہدری عبدالرزاق ڈھل صدر پیپلز پارٹی فرانس ،کشمیری رہنمازوالفقار عزیز ،کشمیری رہنما کامران بٹ ،صدر جموں کشمیر فورم کے صدر آصف جرال ،آصفہ ہاشمی ،ناصرخان اور رائوطاہری خطاب کیا۔

تازہ ترین