• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کو یورپین عوام تک پہنچانے کی غرض سے آج برسلز میں مظاہرہ کیا گیا۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفتر کے سامنے ہونے والے اس مظاہرے کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو نے کیا تھا۔

اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی جارحیت ، وزیر اعظم مودی کی جانب سے دی گئیں جنگ کی دھمکیوں، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے، جبکہ دوسری طرف اس مسئلے کے حل کے حوالے سے دنیا کی جانب سے عدم دلچسپی نے بھی دو ایٹمی قوتوں کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی الیکشن جیتنے اور اپنے عوام کے جذبات کو بھڑکانے کیلئے جنگ کا راگ الاپ رہے ہیں جبکہ ان کی کوئی ایک چھوٹی سی غلطی خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیل دے گی۔

علی رضا سید نے مزید کہا کہ یورپ اور دیگر ممالک تجارت کی وجہ سے انڈیا پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دبائو نہیں ڈالتے لیکن اگر بھارتی قیادت کا یہی رویہ رہا تو پھر اس سرمایہ کاری اور تجارت کا کیا بنے گا؟

انہوں نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سردار صدیق خان، کونسلر عامر نعیم اور نوید خان نے اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی امن کوششوں کی بھر پور حمایت کی اور انہیں یقین دلایا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

تازہ ترین