• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی بھارتی جارحیت سے ایم پیز کو آگاہ کریں، علی شان سونی

اولڈہم (غلام مصطفیٰ مغل) آزاد کشمیر اسمبلی میں  ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور حلقہ سماہنی بھمبر سے ممبراسمبلی چوہدری علی شان سونی نے 16مارچ کو برٹش کشمیریوں کی طرف سے آرگنائز کردہ بھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر مظاہرے میں شرکت اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے برطانیہ بھر کے کشمیریوں اور پاکستانیوں کے علاوہ اپنے حلقے کے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ کنٹرول لائن پر مسلسل بمباری اور بھارتی جارحیت کے خلاف برطانیہ بھر میں ممبران پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطے کرکے کشمیریوں کے نکتہ نظر سے آگاہ کریں۔ چوہدری علی شان سونی جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے ملاقات کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے، جنہوں نے ان سے درخواست کی تھی کہ وہ چونکہ خود کنٹرول لائن کے ساتھ رہتے ہیں اور وہاں کے حالات سے بخوبی آگاہ ہیں لہٰذا اپنے حلقے کے عوام کے ہمراہ ہمارے مظاہرے میں شریک ہوکر نہ صرف مقامی حالات سے آگاہ کریں بلکہ پاکستانی افواج اور مقامی آبادی کے تاثرات سے بھی برٹش کشمیریوں کو آگاہ کریں۔ راجہ نجابت حسین نے انہیں تحریکی سرگرمیوں  سے بھی آگاہ کیا اور برطانوی و یورپی ممبران پارلیمنٹ خصوصاً ڈیبی ابراھیم MPاور واجد خان MEPکی کاوشوں کی تفصیلات پر بھی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چوہدری علی شان سونی MLAنے جہاں راجہ نجابت حسین اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا وہیں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی کاوشوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس حلقے کا میں ممبراسمبلی ہوں اسکا سارا علاقہ کنٹرول لائن پر ہے اور ہر روز بھارتی فائرنگ سے مقامی آبادی متاثر ہوتی ہے مگر پاکستانی افواج کی طرح آزاد کشمیر کے تمام عوام بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے ہمارے عوام شہید اور زخمی ہورہے ہیں مگر پھر بھی ہم نے تحریک آزادی کشمیر کو جاری رکھ کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد کرنی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس عالمی سطح پر پہنچانےوالی شخصیات اور تنظیموں سے دنیا میں ہر جگہ تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کشمیری اور پاکستانی اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر 16مارچ کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہوکر پرامن مظاہرہ کریں اور برطانوی و بھارتی حکومت کو ایک واضع پیغام دیں کہ ایک بھی کشمیری زندہ ہے آزادی کیلئے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے بھی اولڈہم کے دورے میں مسلم کانفرنس کے سرپرست چوہدری محمد بشیر رٹوی، تحریک کے عہدیداروں اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر راجہ محمد مقصود کاکڑوی کی ٹیم کو بتایا کہ وہ برطانیہ بھر کی تمام تنظیموں کے رہنمائوں سے مل کر انہیں مظاہرے کو کامیاب کرنے کی اپیل کریں گے کیونکہ بھارت سے آزادی کے مطالبے پر پوری کشمیری قوم اور ہر مکتب کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما متحد ہیں۔ لہٰذا برٹش کشمیریوں کو بھی 16مارچ کو مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

تازہ ترین