• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتی محاذ پر تحریک آزادی کشمیر تیز کرنا ہوگی، نائب حسین مغل

برمنگھم(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کی کشمیر کمیٹی کے کوارڈینیٹر نائب حسین مغل نے کہا ہے کہ 16مارچ کو بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے آل پارٹیز کشمیر مظاہرے میں بھر پور شرکت کی جائے گی ۔مقبوضہ کشمیر میںبھارتی ظلم اتنا اجاگرہوا ہے کہ پلوامہ میں بھارتی فوج کے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے بوکھلاہٹ میں حریت کانفرنس قیادت کو گرفتار کر کے جیلوں بند کر دیا ہے، جماعت اسلامی پر پابندی لگا دی ، سید علی گیانی مسلسل نظر بند ہیں ، یاسین ملک کو جیل میں بند کر دیا، ان سنگین حالات میں تمام کشمیر اور پاکستانی مظاہرے میں شرکت کر کے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہے ، بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا اصل سبب مسئلہ کشمیر ہے ۔ ان حالات میں سفارتی محاذ پر جدوجہد تیز کرنا ہوگی، لندن مظاہرہ اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، بھارت کے ناپاک عزائم اور انسانیت سوز مظالم اور مودی کے جنگی جنون کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ نائب مغل نے کہا کہ مظاہرے میں آزاد کشمیر کے اپوزیش لیڈر چوہدری محمد یاسین خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور مظاہرے کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی کے تمام عہدہدار بھرپور شرکت کریں گے، مودی کے جارحانہ عزائم کو بے نقاب کیا جائے گا کہ بھارت خطے کے امن کو برباد کرنا چاہتا ہے عالمی امن کے علمبرداروں کو دنیا کو تباہی سے بچانے کے لئے بھارت کو لگام دینا ہوگی۔
تازہ ترین