• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شہری پر تشدد کرنے والا شخص جعلی پولیس اہلکار نکلا، ویڈیو وائرل


کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں شہری پر تشدد کرنے والا شخص جعلی پولیس اہلکار نکلا، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایس ایس کورنگی سید علی رضا کے مطابق جعلی پولیس اہلکار اسلام خان کاکڑ کراچی میں ایک پولیس افسر کے لیے مخبری کرتا رہا، ایس ایس پی سید علی رضا نے’جنگ‘ کو بتایا کہ جعلی پولیس اہلکار کے خلاف زیر دفعہ 337 اے ون، 504، 506 بی، 427 کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر نمبر 312/19 میں جعل سازی کی دفعہ170 اور 171 بھی عائد کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا کے مطابق گرفتار ملزم کسی عام شہری پر نہیں بلکہ اپنے ہی ساتھی پولیس مخبر پر تشدد کر رہا ہے۔

ملزم اور اس کا ساتھی کورنگی انڈسٹریل ایریا میں خواتین کے ساتھ مل کر دھندوں میں ملوث رہے ہیں۔ تشدد کا نشانہ بننے والا شہری ملزم کو اپنے ساتھ کسی مخبری کے لئے مہران ٹاون لایا تھا۔

پولیس کی تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس دوران علاقے میں پولیس موبائل گزری تو ملزم کو اپنے ساتھی پر پکڑوانے کا شبہ ہوا۔ملزم فوری طور پر وہاں سے چلا گیا تاہم تھوڑی دیر بعد پولیس کی وردی پہن کر آیا اور اپنے ساتھی پر سرعام تشدد شروع کردیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے واقعہ کا نوٹس لیا۔ ایس ایس پی علی رضا کی نگرانی میں ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا اورنگزیب خان کی ٹیم نے کام شروع کیا۔

تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کو کراچی بھر کی پولیس فورس میں تلاش کیا جاتا رہا۔

مخبری کے نیٹ ورک کی وجہ سے مہران ٹاون سے ہی ملزم کا سراغ ملا، پولیس حکام تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے تمام صورتحال کا بھانڈا پھوڑ دیا، اور ملزم کی گرفتاری ہوئی۔

تازہ ترین