• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا فرمس اپنے پلیٹ فارمز صاف یا قانون کا سامنا کریں،ساجدجاوید

لندن ( نیوز ڈیسک ) وزیر داخلہ ساجد جاوید نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ’’ اپنے پلیٹ فارمزکی صفائی کریں یا ’’ قانون کی طاقت‘‘ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ یہ انتباہ فیس بک پر ایک اسلحہ بردار نوجوان کو براہ راست دکھائے جانے کے بعد دیا گیا جس نے نیوزی لینڈ میں 2 مساجد پر حملہ کرکے 49 نمازیوں کو شہید کر دیا تھا۔ ڈیلی ایکسپریس میں لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں مسٹر جاوید نے کہا کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کو دہشت گرد کے پیغام کو نشر کرنے سے روکنے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں تھے۔حملہ کی براہ راست وڈیو 17 منٹ تک جاری رہی ۔ گوکہ اصل وڈیو بعد ازاں ہٹا دی گئی تھی مگر بڑے پیمانے پر دوسرے پلیٹ فارمز بشمول یو ٹیوب اور ٹیوٹر پر اس کی نقل شیئر کی گئی۔مسٹر جاوید نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آن لائن ایسا ’’ خراب مواد‘‘ نہ تو دیکھیں نہ ہی دوسروں سے شیئر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ غلط بھی ہے اور غیرقانونی بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن پلیٹ فارمز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردوں کو اپنا پلیٹ فارم استعمال نہ کرنے دیں۔ اس دہشت گرد نے قتل عام کی فلم بندی اپنے نظریات پھیلانے کی نیت سے کی تھی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اس قسم کے غیر قانونی رویے سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آنے والے ہفتوں میں حکومت ’’آن لائن نقصانات‘‘ پر ایک تاخیر شدہ وہائٹ پیپر شائع کرے گی۔

تازہ ترین