• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے مذموم عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے، قرارداد لاہور کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی تکمیل ابھی باقی ہے، صدر آزاد کشمیر

کوونٹری (وقار ملک) یوم پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد مسلم ریسورس سنٹر میں ہوا جس میں کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کر کے اپنی سوہنی دھرتی پاکستان سے محبت کا اظھار کیا۔ جشن پاکستان کی تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے علاوہ پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے ٹیلی فونک خطاب بھی کیا صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 23مارچ کا دن جہاں ہمیں ہمارے آبائو اجدادکی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دہانی کرواتا ہے‘ وہاں یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ قراردادِ لاہور کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی تکمیل ہنوز باقی ہے۔بابائے قوم نے بھی نوجوانوں کو ہی تحریکِ قیامِ پاکستان کا ہر اول دستہ بنایا تھا اور نوجوان بھی اپنے محبوب رہنما کی امیدوں پر صد فی صد پورا اترے تھے۔ یہ قومی نظریاتی ادارہ بھی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے عین مطابق نسل نو کو اپنی امیدوں اور آرزوئوں کا محور بنائے ہوئے ہے۔ انشاء اللہ! اب بھی ایسا ہو گا اور پاکستان کی کل آبادی کے 60 فیصد نوجوان اپنے بزرگوں کی رہنمائی میں وطنِ عزیز کو ساحل مراد پر پہنچانے میں ضرور کامیاب و کامران ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جن کی آزادی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اس جدوجہد میں مصروف رہے اور معصوم کشمیریوں کی آواز میں آواز ملائی برٹش پارلیمنٹ اور دیگر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے متحرک رہے، ہمیں کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور بھارت کے مذموم ارادوں اور دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ ایک گہرا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں آپ ہمارے ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں 23 مارچ کی مناسبت سے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہماری کاوشیں جاری ہیں۔ پاکستان کی حکومت تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی سوہنی دھرتی پاکستان کو ترقی کی طرف گامزن کر رہی ہے، 23 مارچ 1940 برصغیر کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس دن حضرت قائد اعظم کی قیادت میں قرارداد پاکستان پاس کی اور عہد کیا کہ ہم پاکستان بنائیں گے اور پھر دنیا نے دیکھا کہ پاکستان معرض وجود میں آیا اور دنیا کے نقشے پر چھا گیا بالکل اسی طرح جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے فرمایا کہ ہم پاکستان کو مضبوط بنائیں گے خوشحال بنائیں گے اور آج ہم خوشحالی اور ترقی کا سفر طے کر رہے ہیں، میرے ہم وطنوں میری آپ سے درخواست ہے کہ اپنے ملک پاکستان آئیں یہاں سرمایہ کاری کریں اپنا کاروبار کریں ہم آپ کو مکمل تحفظ دیں گے۔تقریب سے راجہ اصغر،مبارک کیانی طلحہ دین، وقار ملک، مفتی قادری ، کونسلر نعیم خان ، کونسلر پرویز اختر ، پیر سید حسنات دیوان حضوری نے یوم پاکستان پر اپنے خوبصورت انداز میں معلوماتی خطاب کیا پی آئی اے کے کنٹری منیجر سراج قاضی نے کہا کہ پی آئی اے پاکستان کی پاکستان کی پہچان اور آن ہے سمندر ہار پاکستانی اپنی قومی ائر لائن کو مضبوط بنائیں، آئیں قومی دن کے موقع پر ہم یہ عہد کریں کہ قومی اداروں کو اہمیت دیں گے اس موقع پر انھوں نے سی آئی او پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک کا پیغام سنایا جسے کمیونٹی نے کافی سراہا پاکستانی قونصلیٹ برمنگھم کے وائس قونصل جنرل سردار محمد خان خٹک نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے انہوں نے کہا کہ بے شمار قربانیوں کی بدولت قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اس جذبے کو یاد کریں اور نیا پاکستان تعمیر کرکے اسے توقیر دیں.ہمارا ہاکستان نئی قیادت کے ہاتھوں میں ہے ہماراملک ترقی کر رہا ہے آپ اوورسیز پاکستانی آگے بڑھیں اور حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ تقریب میں اللہ دتہ چوہدری نے نعت رسول مقبول ﷺپڑھی۔ کوونٹری فلاور کے کارکنان نے اس موقع پر کہا کہ تقریب سے دیار غیر میں پاکستان کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔ مسلم ریسورس سنٹر کے سی ای او بیرسٹر شبیر کی کمیونٹی خدمات پر انھیں پی آئی اے کی طرف سے سووینئراور تحائف دئیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر معروف غزل کاپروگرام دھنک اکیڈمی نے پیش کیا ۔ نجم شیخ نے دل دل پاکستان ڈھول کی تھاپ پر گا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ میں ہونے والے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔

تازہ ترین