• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوہنی دھرتی، جیوے جیوے پاکستان کی گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی نمائندہ خصوصی، صباح نیوز) سوہنی دھرتی اللہ رکھے جیسے مقبول گیت گانے والی نامور گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کر گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوہنی دھرتی اللہ رکھے جیسے مقبول گیت گانے والی نامور گلوکارہ شہناز بیگم 67 برس کی عمر میں ڈھاکا میں انتقال کر گئیں ،انہیں اپنے گھر پر دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکیں۔وہ 2 جنوری 1952 کو ڈھاکا میں پیدا ہوئیں۔


شہناز بیگم نے کچھ عرصہ پہلے عمرہ کی ادائیگی کے بعد گلوکاری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ شہناز بیگم نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو چھوڑا ہے۔انہوں نے بچپن سے ہی گلوکاری شروع کر دی تھی اور صرف 11 برس کی عمر میں انھوں نے اپنا پہلا گانا پلے بیک سنگر کی حیثیت سے گایا تھا۔شہناز بیگم کے گائے مشہور ملی نغموں میں جیوے جیوے پاکستان بھی شامل ہے۔پاکستان نے سرکاری سطح پر معروف گلوکارہ شہناز بیگم کے انتقال پر افسوس کا اظہار اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں گلوکارہ شہناز بیگم کے گائے ہوئے ملی نغموں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے فن کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے معروف گلوکارہ شہناز بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

تازہ ترین