کینو یا مالٹا موسم سرما کا ایک بے حد پسندیدہ پھل ہے جو ہمارے ہاں بکثرت پایا جاتا ہے اور اسی تناسب سے استعمال بھی ہوتا ہے۔ یہ صرف سردیوں میں ہی نہیں بلکہ گرمیوں میں بھی کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے بے شمار فائدے بھی ہیں۔
مالٹایا جسے کینو بھی کہا جاتا ہے اسے ہر عمر کے افراد پسند کرتے ہیں شوق سے کھاتے ہیں اور یہ تمام لوگوں کے لیے یکساں مفید بھی ہے۔
شدید گرمی میں مالٹے کے جوس کے فوائد:
ماہرین غذائیت کے مطابق مالٹے کا جوس ہاضمے کے لیے بہترین ہے۔ یہ دل و دماغ کو فرحت بخشتا ہے، معدے کو قوت دیتا ہے اور جسم کے مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مالٹےکی خصوصیات میں طبیعت میں چستی اور فرحت پیدا کرنا بھی شامل ہے۔
شدت گرمی میں اس کے استعمال کا مشورہ اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ گرمی سے تسکین دیتا ہے اور موسمی شدتوں سے بچاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حدت اور گرمی کم کرنے کے لیےیہ قدرتی ٹانک ہے۔
مالٹے کاجوس بیماریوں سےبچائے:
ڈاکڑوں کا کہنا ہے کہ مالٹے میں مٹھاس کم ہوتی ہے اسی لیے وہ ذیابیطس (شوگر ) کے مریضوں کو مالٹے کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ مالٹے کا جوس موٹاپے سے نجات پانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ ایک گلاس مالٹے کا جوس پینے والوں میں 25فیصد تک فالج کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
مالٹےکے جوس پرہونے والی حالیہ تحقیق
گزشتہ دنوں ہالینڈ میں ’نیدر لینڈ نیشنل انسٹیٹوٹ فار پبلک ہیلتھ اینڈ اینوارمینٹ ‘ کے تحت ایک سروے کیا گیا تھا جس میں 35ہزار افراد کے پچھلے 15سالوں کا ریکارڈ لیا گیا اور 20سے 70 سال تک کے35ہزار کے قریب مردوں اور خواتین کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے میں شائع ہوئے جس میں محققین کا کہنا تھا کہ خالص مالٹے کا جوس پینا فالج سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اگر ہفتے میں 8مرتبہ یعنی روزانہ مالٹے کا جوس پی لیا جائے تو فالج کا خطرہ 25فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ مالٹے کا جوس دل کے امراض کے خطرے کو بھی دور کرتا ہے۔ مالٹے کا جوس پینے کی عادت خون کے شریانوں کے امراض کا خطرہ بھی 12سے 13فیصد تک کم کردیتی ہے۔
طبی ٹیم نے مزید دریافت کیا کہ مالٹے کے جوس پینے کے ساتھ ساتھ اسے ثابت کھانا بھی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔