• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں میں صحت مند کیسے رہا جائے؟

موسم گرما کا آغاز ہو گیا ہے اور ماہرین موسمیات کے مطابق اس سال بھی ریکارڈ توڑ گرمی کا امکان ہے۔

موسم سرما کے مقابلے میں موسم گرما زیادہ بیماریوں کے ساتھ آتا ہے کیونکہ یہ موسم گرم کے ساتھ ساتھ خشک بھی ہوتا ہے۔ عام طور پر گرمی کے موسم میں گھبراہٹ ہوتی ہے، بے حدپیاس لگتی ہے اور پسینہ آتا ہے ایسے میں جسمانی توانائی کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

اس کے علاوہ شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک کا بھی سب سے زیادہ خطرہ رہتا ہے جس میں متاثرہ شخص کو شدید پسینے اور چکر آنے لگتے ہیں بلڈ پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے اور مریض سست اور نڈھال نظر آتا ہے ایسے شخص کو فوراً اسپتال منتقل کیا جائے ورنہ جان ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

شدید گرمی میں ان ہدایات پر عمل ضروری ہے۔

غذا

حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس کوئی اشیا ء استعمال نہ کریں کیونکہ موسم گرما میں غذاکے حوالے سے بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ ذرا سی بد پرہیزی انسان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں مرغن اور کھٹی غذائوں کا استعمال ترک کردینا چاہیے اور ٹھیلوں پر فروخت ہونے والی غیر معیاری اور ٹھوس غذائیں ہرگز استعمال نہ کریں۔

اس کے علاوہ ایسے پھلو ں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں جن میں پانی کی مقدار زیادہ اور ان کی تاثیر ٹھنڈی ہو ۔ جامن، آم ، انگور اور خربوزہ اس موسم کے بہترین پھل ہیں۔ اس کے علاوہ کھیرا، ککڑی، تربوز اور لوکاٹ جسمانی درجہ حرارت کو اعتدال میں لانے میں انتہائی مفید اور موثر ثابت ہوتی ہے۔

مشروبات میں شربت صندل، شربت فالسہ، لیموں پانی کے علاوہ دیگر پھلوں کے تازہ جوس کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

گرمیوں میں چہرے کی حفاظت

چہرے کی جلد انتہائی نازک ہوتی ہے ۔شدید گرمیوں میں سور ج کی تیز شعاعوں اور ان کی تپش سے جلد خراب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا دن میں 5 سے 6 مرتبہ ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوئیں اور آنکھوں پر پانی ڈالیں۔ دھوپ میں نکلنے سے پہلے سن بلاک کا استعمال ضرور کریں۔

لباس سے متعلق ہدایات

موسم گرما میں خصوصی طور پر سوتی، صاف ستھرا اور ڈھیلا ڈھالا اور آرام دہ لباس پہنیں اورگرم کپڑوں سے اجتناب کریں۔ گرمی میں سفید لباس دھوپ سے محفوظ رکھتا ہے اس کے علاوہ ہلکے رنگوں کا لباس بھی مفید ہوتا ہے تاہم اس موسم میں سیاہ رنگ کا لباس نہیں پہننا چاہئے کیونکہ تیز رنگ سورج کی گرمی کو جذب کرتے ہیں۔

دھوپ میں نکلنے سے متعلق ہدایات

گرمیوں میں سخت دھوپ میں گھر سے باہر نہ نکلیں ۔تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے سورج کی شعائیں براہ راست انسانی جسم میں داخل ہو کر قوت مدافعت پر برا اثر ڈالتی ہیں ۔دھوپ میں نکلنے سے پہلے سن گلاسز اور چھتری کا استعمال لازمی کریںاوراپنے ساتھ پانی کی بوتل ضرور رکھیں۔

طبی ماہرین کے مطابق شدید گرمی اور تپتی دھوپ بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے اس لئے انہیں تیز دھوپ میں باہر جانے نہیں دینا چاہئے اور گرمی سے بچانے کے لئے انتظامات کرنے چاہئیں۔

موسم گرما میں احتیاط برتی جائے اور ہدایات پر عمل کیا جائے تو ہر شخص موسم گرما کے مضر اثرات سے اپنے آپ کو بڑی حد تک بچانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین