• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پیرا میٹرک ڈیزائن‘‘ اکیسویں صدی میں تعمیرات کا جدید انداز

21ویں صدی کے آغازسے قبل تعمیرات کی دنیا میں یہ سوالات گردش میں تھے کہ مستقبل میں ہماری عمارتیں کیسی ہوں گی؟ کیا ہم یونانی طرز تعمیرات کی طرف لوٹ آئیں گے یا پھر کمپیوٹر کی مدد سے بنے ڈیزائن حقیقت کا رُوپ دھاریں گے؟ ان سوالوں کے جواب دنیا بھر کے ماہرینِ آرکیٹیکٹس کی ڈیزائن کردہ خوبصورت اور منفرد عمارتوں کی شکل میں ہمیں ملے۔ تعمیرات کی دنیا کا سب سے نامور پرٹزکرز (Pritzker's) آرکیٹیکچر انعام پانے والی عراقی ماہر تعمیرات زاہا حدید اور ان کے ڈیزائن پارٹنر پیٹرک شوماکر (Patrik Schumacher) نے بھی ایسی کئی عجیب و غریب عمارتیں ڈیزائن کی ہیں، جو کسی خلائی مخلوق کے عجوبے دکھائی دیتی ہیں۔ زاہا حدید نے اپنے بولڈ، غیر روایتی اور تھیوریٹیکل(Theoretical) ڈیزائنز سے تادم مرگ ایک دنیا کو اسیر بنائے رکھا۔ وہ اکثر اپنے ڈیزائنز میں ڈی کنسٹرکٹوسٹ اَپروچ (Deconstructivist approach) اپناتیں۔ زاہا حدید کے آرکیٹیکچر ڈیزائن پارٹنر پیٹرک شوماکر کے بقول،’’میں نےزاہا حدید کو آرکیٹیکٹس کے خمیدہ، کمپیوٹر سے بنے ڈیزائنز کی وضاحت کے لئے پیرامیٹریسزم (Parametricism) یعنی پیرامیٹری اشکال پر بنائی جانے والی عمارات کی اصطلاح وضع کی‘‘۔ شوماکر نے خود کو 21ویں صدی کے پیرامیٹرک ڈیزائن کے لئے وقف کردیا، جسے وہ حدید کےتعمیراتی تخیل کا تسلسل مانتے ہیں۔ سٹی لائف میلان کے لئے رہائشی بلڈنگ کا خمیدہ ڈیزائن انہی کے تخیل کی نشانی ہے، جو دنیائے تعمیرات کو یاد دلاتا ہے کہ21ویں صدی میں تعمیرات کا جدید انداز پیرا میٹرک ہے۔

پیرا میٹرک ڈیزائن

آج کل ہر کوئی کمپیوٹر استعمال کرتا ہے لیکن تعمیراتی شعبے میں کمپیوٹر پروگرامنگ ٹولز کے ساتھ ڈیزائننگ خاصی ترقی کر چکی ہے۔ اب آرکیٹیکچرل ڈیزائننگ، کمپیوٹر ایڈیڈ ڈیزائن (CAD) سے آگے بڑھ کر زیادہ پیچیدہ بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ (BIM) میں جست لگا چکی ہے۔ اب تعمیراتی تخیل کے ساتھ ڈیجیٹل آرکیٹیکچر مل کر ایک کامیاب تعمیراتی ڈیزائن سامنے لاتا ہے۔

عمارتوں کے پیمانے کی مصدقہ جہات اونچائی، چوڑائی اور گہرائی ہیں۔ آج کل ان جہات میں بہت تبدیلیاں آچکی ہیں۔ آرکیٹیکچرل ڈیزائن میں عمارت کا ماڈل اپنا سائز بھی تبدیل کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی دیواروں، چھتوں، فرش، دروازے اور کھڑکیوں کو لگانے یا ان میں تبدیلی لانے والی جہات کا تعین بھی ممکن ہو گیا ہے۔ بلڈنگ ماڈلنگ میں آپ دیواروں کو 90ڈگری کے زاویے پر خمیدہ بھی کر سکتے ہیں اور ان کی پیمائش بھی ممکن ہے۔ اس طرح سمیٹری اور پروپورشن تک تعمیراتی ماڈل کے تمام جزئیات کمپیوٹر اسکرین پر دکھانے ممکن ہو گئے ہیں۔ آپ ماڈل کی بیرونی تصویر کے علاوہ اب آگمینٹڈ رئیلٹی کی مدد سے عمارت کے اندر داخل ہو کر انٹیریئر ڈیزائن کو دیکھ سکتے ہیں۔ اگر کوئی تبدیلی چاہتے ہیں تو وہ بھی اس مرحلے پر ممکن ہوگئی ہے۔BIMکنسلٹنسی کے سینئر تحقیق کار ڈینیل ڈیوس کہتے ہیں:’’ ڈیجیٹل آرکیٹیکچر کی روشنی میں جیو میٹرک ماڈل کے حتمی پیرامیٹرز کی عملی تصویر پیرامیٹرک ڈیزائن ہے‘‘۔

پیرامیٹرک ماڈلنگ

ماڈلنگ کے ذریعے ڈیزائن آئیڈیاز دیکھے جاتے ہیں۔ الگورتھم کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر سافٹ ویئر نے ڈیزائن کے تنوع اور پیرامیٹرزکو فوری بناکر گرافک ماڈل کو ممکن کر دکھایا ہے۔ پیرامیٹرک ماڈل، عمارت کی تمام خوبیوں کو آشکار کر کے قبل از تعمیر تمام تبدیلیوں کے امکانات کو ممکن بنا کر تعمیراتی لاگت کے نقصان سے بچاتا ہے۔ چھت کے ڈیزائن میں تبدیلی درکار ہے تو وہ بھی روف لائن سے خود بخود ممکن ہو جاتی ہے۔

پیرامیٹریسزم

پیٹرک شوماکر کہتے ہیں،’’پیرامیٹریسزم کی اصطلاح تعمیرات کی تمام جزئیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی سائنس ہے۔ ہم مختلف تعمیراتی اشکال پر ایک ساتھ کام کرتے ہوئے جیومیٹری اور کنفیگریشن کے ساتھ ماڈل کے ماحول دوست ہونے کا تجزیہ بھی کر سکتے ہیں۔ اس ماڈل میں ہماری تعمیراتی تاریخ کے 5000سال یکجا ہیں۔ یہاں گوتھک، نشاۃ ثانیہ، باروق، ہسٹروسزم اور جدیدیت کے تحت پروان چڑھنے والے طرز ہائے تعمیرات کے تجربات ون ونڈو آپریشن کے تحت انجام دینے ممکن ہو گئے ہیں۔ اسے آپ 21ویں صدی کے پہلے عالمی طرز تعمیر سے مماثل قرار دے سکتے ہیں۔ پوسٹ ماڈرن اِزم اور ڈی کنسٹرکٹویزم، طرزِ تعمیر میں تبدیلی کی پہلی لہر تھے جنہیں رواج پانے میں ایک عشرہ لگامگر حال ہی میں تعمیراتی شعبے میں ٹیکنالوجی کی رفتار جس طرح بڑھی ہے، اگلے منظر نامے میں عالمی تعمیرات کا مرکزی دھارا پیرا میٹریکل بلڈنگز پر مبنی ہو گا، جہاں ہمہ گیر ثقافتوں کی نمائندگی ہو گی۔ مستقبل میں پیچیدہ عمارات کے ڈیزائن بنانے کا اظہار پیرامیٹریسزم ہے، جس سے شہروں میں پیچیدہ عمارتوں کی تعمیر کا فروغ ممکن ہوسکے گا۔ آنے والے دنوں میں یہ سماجی نظام کی طرح کام کرتے ہوئےخود مختار تعمیرات کے نئے انداز اور تخلیقی جہات سے ہم کنار کرے گا‘‘۔

تازہ ترین