• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا علیم خان کے مقدمے پر بیان، نیب نے نوٹس لے لیا

اسلام آباد، لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے علیم خان کے مقدمہ سے متعلق دیئے گئے بیان کا نوٹس لے لیا۔ چیئر مین نیب کے احکامات کے تحت وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے نیب سے متعلق ماضی اور حالیہ بیانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ دیکھا جائیگا کہ بیانات نیب معاملات میں مداخلت یا انکوائریز پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں ہے، اگر قانون کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ان کیخلاف کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔نیب کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں، ادارے کی وابستگی صرف پاکستان سے ہے اور نیب نے اپنے عمل سے اپنی غیرجانبداری کو ثابت بھی کیا ہے۔ اعلامیے میں مزیدکہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ نیب کے معاملات یا زیر تفتیش مقدمات میں مداخلت کی کوشش تو نہیں۔اگر وزیر اطلاعات کے بیان میں قانون کی کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو نیب اعلامیے کے مطابق ان کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ علیم خان پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام نہیں۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کھانے والوں کو آسانی سے ضمانت مل سکتی ہے تو ایک کاروباری آدمی کو کیوں نہیں؟ عام تاثر ہے کہ علیم خان کو اپوزیشن کے شور کی وجہ سے ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ علیم خان کا مقدمہ کم سنگین ہے، علیم خان کاروباری آدمی ہیں،ضمانت دی جانی چاہئے۔ عام تاثر یہ ہے کہ علیم کو اپوزیشن کے شور کی وجہ سے ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین