• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا سلیمان شہباز کے بیان پر ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے  سلیمان شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے یوئے کہا ہے کہ جب سے اربوں روپے کے کالے دھن کے حقائق سامنے آئے ہیں شہباز شریف اینڈ سنز سے کوئی جواب نہیں بن پا رہا۔

 فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز خاندان کی طرف سے دی جانے والی وضاحتوں اور بیانات کے باوجود حقائق پر واضح جواب یا تردید سامنے نہیں آسکی، سلیمان شہباز حقائق کا جواب دینے سے قاصر رہے، ان کے پاس اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی کا کوئی جواب نہیں تھا۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا ہے کہ سلیمان شہباز ملک سے بھاگے ہوئے ہیں اور ان کا واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں لگتا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، قوم کو امید ہے کہ قانون بھی ان سے حساب لے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر یہ سچے ہیں تو کھل کر تردید کریں اور اپنے دفاع میں ثبوت لائیں، کیوں کہ ابھی تک منظور پاپڑ والا اور محبوب ریڑھی والے کی شناخت کے متعلق کھل کر اور واضح تردید نہیں آئی۔

ان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان اور زرداری کی دولت کمانے کا طریقہ واردات ایک ہے، اب دونوں کا اپنے دفاع کے لیے موقف بھی ایک ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے منی لانڈرنگ کے حکومتی الزامات اور دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مذاق قرار دے دیا اور ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صرف 6 سے 7 افراد کا احتساب ہو رہا ہے،عمران کے 12کروڑ کے اثاثے 4 ارب کیسے ہوگئے؟

تازہ ترین