• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائبر سیکورٹی اور آئی ٹی ایجوکیشن اتھارٹی بنانے جارہے ہیں ، وفاقی وزیر آئی ٹی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم سائبر سیکورٹی اور آئی ٹی ایجوکیشن اتھارٹی بنانے جارہے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہواوے کا کرداراہم ہے، یورپ اور امریکا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں،آئندہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور پاکستان کو دنیا کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، ہمیں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرنا ہے اور اپنے نوجوانوں کو سائنسی اور جدید ٹیکنالوجی پرمبنی علوم کے حصول میں سہولت دینی ہے، جدید ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھنے سے جہاں روزمرہ معمولات آسان ہو رہے ہیں وہاں روزگار کے مواقع بھی کم ہو رہے ہیں،ٹیکنالوجی کمپنیز کو ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے دوران نوکریوں کے بارے بھی سوچنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں’’ہواوے پاکستان موبائل سمٹ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہوئے تو ہم پیچھے رہ جائیں گے ،پاکستان اور چین کے تعلقات اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے تعلقات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی دونوں ملک ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

تازہ ترین