• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ کے ارشد حسن ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوگئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سید ارشد حسن ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوگئے ڈپٹی میئر کا انتخاب جمعرات کو کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقد ہوااس موقع پر 300 میں سے 281 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار سید ارشد حسن 194 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے کرم اللہ وقاصی 78ووٹ لے کر دوسری پوزیشن پر رہے 9 ووٹ مسترد ہوئے۔ پولنگ کا تناسب 93.7 فیصد رہانومنتخب ڈپٹی میئر سید ارشد حسن نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہےکہ موجودہ بلدیاتی نظام سے سب واقف ہیں اور ہمارے پاس وقت بھی بہت کم ہے ، کم ترین وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گےقبل ازیں پولنگ صبح 9 بجے تاشام 5 بجے تک تسلسل سے کے ایم سی کونسل ہال میں جاری رہی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی اور ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین نے نتائج کا اعلان کیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر علی اصغر سیال، ریٹرنگ آفیسر اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین ، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن فضلِ ربی اور دیگر انتظامی شخصیات صبح 9 بجے سے شام تک موجود رہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اپنا ووٹ پونے 3 بجے ڈپٹی میئر کے امیدوار سید ارشد حسن کے ہمراہ کاسٹ کیا ،میئر کراچی وسیم اختر کے ووٹ ڈالنے کے موقع پر کمشنر کراچی افتخار شلوانی بھی موجود تھے، اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ کا دورہ کیا اور دونوں امیدواروں سے ملاقات کی، ووٹ ڈالنے کے لئے اسیر اراکین یوسی ۔35 بلدیہ کے محمد نعمان اور یوسی 14- فاطمہ جناح کالونی ضلع شرقی کے حبیب نے ہاتھ میں ہتھکڑی کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے عمل کے دوران ایم کیو ایم کے کیمپ میں ووٹ ڈالنے والے اراکین کا رش رہا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے مختلف اراکین سمیت کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینئر عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، کنور نوید جمیل، امین الحق، فیصل سبزواری، ارشد سبزواری، شیخ صلاح الدین، ریحان ہاشمی، شاکر علی، ویسٹ کے چیئرمین اظہار احمد خان، کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، ایسٹ کے چیئرمین معید انور اور سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی اور دیگر نے ایم کیو ایم کے انتخابی کیمپ کا دورہ کیا اور شام تک موجود رہےنتیجہ آنے کے بعد نومنتخب ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کو ایم کیو ایم کے اراکین نے ہار پہنائے اور نعرے لگائے۔

تازہ ترین