• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے کے پیچھے کیوں پڑے ہیں، نیب سیاست چھوڑ کر میرٹ دیکھے، سندھ ہائیکورٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر ظفر علی لغاری کی درخواست پر نیب کو شکایت کنندہ کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس ریمارکس دیئے کہ اب نیب کا یہ معیار ہوگیا ہے کسی سیاسی جماعت کے ورکر کی شکایت پر تحقیقات شروع کرے۔ کیا نیب اس طرح لوگوں کی پگڑیاں اچھالے گا؟ کیوں نیب والے اپنے قومی ادارے کے پیچھے پڑے ہیں؟ سیاست چھوڑ کر میرٹ دیکھے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سابق وفاقی وزیر ظفر علی لغاری کی درخواست ضمانت اور نیب انکوائری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سابق وفاقی وزیر ظفر لغاری کو وہیل چیئر پر عدالت پیشی پر لایا گیا۔ سابق وفاقی وزیر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سیاسی ورکر کی شکایت پر نیب نے انکوائری شروع کردی ہے۔ عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ظفر علی لغاری کیخلاف کس کی شکایت پر تحقیقات شروع کیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کیخلاف پی ٹی آئی ورکر غلام مصطفی سومرو کی شکایت پر تحقیقات شروع کی گئی۔ چیف جسٹس نے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو بھی روسٹم پر طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کیا نیب اس طرح لوگوں کی پگڑیاں اچھالے گا؟ نیب حکام نے بتایا کہ ظفر لغاری 1992 میں بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں وفاقی وزیر تھے۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیئے ابتک تحریک انصاف کا باضمیر شخص کہاں تھا؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شکایت کرنے والے کا سورس آف انکم کیا ہے، نیب نے معلوم کیا؟ سیاست کو چھوڑ کر نیب کیس کو میرٹس پر دیکھے۔

تازہ ترین