• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہ رمضان میں جذبہ ایثار کا مظاہرہ کرنا چاہئے، سلطان فیاض الحسن قادری


برمنگھم (ابرار مغل) آستانہ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو پاکستان کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری نے سلطان باہو سینٹر آلم راک میں رمضان المبارک کے استقبال کے لئے منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس کی آمد آمد ہے، ہمیں اس بابرکت ماہ کے فیوض و برکات کے حصول کے ساتھ تزکیہ نفس، صبر و برداشت اور جذبہ ایثار اپناکر جہاں بہترین مسلمان ہونے کا ثبوت دینا ہے، وہیں مقامی قوانین اور اصول ضابطوں کی مکمل پاسداری کرکے عملی نمونہ بھی پیش کرنا ہے، یہ مقدس ماہ محض بھوکا، پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ اس مہینہ میں مالک حقیقی ہمیں تربیت دیتا ہے کہ سارا سال آپ نے اسی جذبہ، جرأت و ہمت اور صبر و برداشت سے ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔ چیئرمین حضرت سلطان باہو ٹرسٹ صاحبزادہ پیر نیاز الحسن کی صدارت اور امام مسجد قاری عطاء الرسول عاطفی کی نظامت میں منعقدہ اس محفل میں مقامی کونسلرز سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین سلطان باہو سنٹر آلم راک میاں اتحاد احمد گڈو کی میزبانی اور محمد شہاب فائق کی سرپرستی میں مسجد کمیٹی کے اراکین جہانگیر احمد، حاجی فراز یونس، یاسین نوشاہی، ذوالفقار رشید، حافظ محمد ادریس اور دیگر نے جملہ انتظامات سرانجام دیئے۔ مقامی علما کرام حافظ احسن مجتبیٰ، حافظ جاوید اختر، حافظ محمد ساجد، حافظ محمد عادل، مولانا عمر فاروق، حافظ حسین جاوید حسنین رضا صدیقی اور دیگر نے بھی رمضان المبارک کی فضلیت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ میزبان محفل میاں اتحاد احمد گڈو نے معزز مہمانوں اور شرکاء شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری نے رمضان المبارک میں قیام امن کے لیے دعا بھی کروائی۔
تازہ ترین