• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، شعیب ملک، وسیم اکرم سے موازنہ درست نہیں، شاہین آفریدی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق کپتان اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے سنیئر بیٹسمین شعیب ملک نے کہا ہے کہ وقت سے بہت پہلے انگلینڈ جانے کا سو فیصد فائدہ ہوگااس وقت انگلینڈ میں ایک میچ جیتا مقصد نہیں ہے ورلڈ کپ جیتنے کے لئے جارہے ہیں۔ دباؤ میں ہی کھلاڑی کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے۔ورلڈ کپ کاہر میچ کا پریشر ہوتا ہے ، ورلڈ کپ اسکواڈ میں آنے پر انتہائی خوش ہوں یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، امید ہے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا، تنقید کرنے والوں کے ذاتی ایجنڈے بھی ہوتے ہیں، کھلاڑی پرایسا وقت بھی آتاہے جب وہ اپنا بہترین نہیں دے سکتا جب کہ پاک بھارت میچ کیلیے جنگ کا لفظ ہی اچھا نہیں ، پیار دوریاں ختم کرتا ہے۔ہفتے کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہردفعہ قسمت بھی آپ کا ساتھ نہیں دیتی لیکن جو وقت گذر گیا وہ واپس نہیں آتا۔کوشش کروں گا کہ ناکامیوں کا ازالہ کرکے اپنے آخری ورلڈ کپ کو یادگار بناوں۔سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان ان کے لیے رول ماڈل ہیں۔ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کو یادگاربنانے کی کوشش کروں گا۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے اور وہ اس کے مطابق ہی بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا۔اوپن میڈیا سیشن میں پاکستانی ٹیم کے سات کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات چیت کی۔امام الحق نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ میں عوام کو خوشیاں دے سکیں۔ورلڈ کپ کے لئے کوئی پریشر نہیں ہے چوں کہ یہ ایونٹ چار سال بعد ہورہا ہے اس لئے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں میچ کے دوران دباؤ اضافی ہوتا ہے، تاہم میں اس میچ کو بھی عام میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کروں گا۔فخر زمان نے کہا کہ اب قوم کو میدان میں مختلف فخرزمان دیکھنے کو ملے گا، کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام ملنے سے مجھے فائدہ ہوا اور اس دوران میں نے اپنی خامیوں پر کام کیا ہے۔ ورلڈکپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ چیمپیئنز ٹرافی سے بڑا ایونٹ ہے، اس کے لیے ٹیم کی تیاری اچھی ہے۔فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات سے قبل وہ تھوڑا نروس تھے ، تاہم اس ملاقات کے بعد ان کا مورال بلند ہوا ہے۔انہوں نے اپنے آپ کا وسیم اکرم سے موازنہ کرنے سے متعلق کہا کہ ’یہ کرنا ٹھیک نہیں، تاہم کوشش ہوگی کہ 1992 کے ورلڈ کپ میں سوئنگ کے سلطان کی طرح پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔فخرزمان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، نئے کھلاڑی بھی اچھی پرفارمنس دیں گے، ورلڈ کپ میں ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں، ہرمیچ میں بھرپور فائٹ کریں گے، بھارت کے ساتھ میچ کا اپنا مزہ ہے ، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ،اوپنر رنز کریں تو ٹیم کے لیے بہتر ہوتاہے۔

تازہ ترین