• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی سفارتکار کا نارتھ کراچی چلڈرن اسپتال کا اچانک دورہ

کراچی کے بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے حکومت جاپان کی جانب سے چند سال قبل بین الاقوامی معیار کا ایک چلڈرن اسپتال بنایا گیا تھا۔


یہ عمارت تمام آلات اور سازو سامان کے ساتھ جاپانی حکومت نے دو سال قبل سندھ حکومت کے محکمہ صحت کے حوالے کی تھی۔بچوں کےاس اسپتال میں 24 گھنٹے بین الاقوامی میعار کے مطابق بچوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے گذشتہ دنوں میڈیا پر ایک بیان جاری کرکے انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں چلڈرن اسپتال کیلئے لگایا گیا جاپانی حکومت کا پیسہ ضائع ہورہا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں خردبرد کی نشاندہی کی تھی۔ جس پر ٹوکیو نے سخت نوٹس لیا اور کراچی میں اپنے قونصل جنرل کو دورہ کرکے اسپتال کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا نے جمعہ کو نارتھ کراچی میں ناگن چورنگی کے قریب واقع چلڈرن اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ قونصلیٹ کے اکنامک ایڈوائزر نوزومو اوکی بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور اسپتال کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر مشتاق احمد نے قونصل جنرل کو بتایا کہ گذشتہ سال سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال میں 4 لاکھ 45 ہزار 903 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

ایمرجنسی میں ایک لاکھ 11 ہزار 725 بچے لائے گئے۔ 2091 بچوں کے آپریشن کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے چلنے والے اس اسپتال میں بین الاقوامی میعار کے مطابق علاج ومعالجہ کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین