آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پر تعینات سپاہیوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔
انہوں نے نمازِ عید ادا کرنے کے بعد پاکستان کے امن و استحکام اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کےلیے دعائے مغفرت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے معرکہ حق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران جوانوں کے بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاری اور بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں کا مؤثر جواب دینےکو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کو مؤثر طور پر روکنے اور شکست دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف جائز، بہادر جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہی۔
ان کا کہنا تھا کہ خاندانوں سے دور فرنٹ لائن پر عید منانا مادرِ وطن کے دفاع کے قومی مقصد کی تکمیل کےلیے ہے، جو سال بھر جاری رہتا ہے۔
آرمی چیف نے سپاہیوں سے کہا کہ آپ نے بےگناہ پاکستانی شہریوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کے جانی نقصان کا بھرپور بدلہ لیا۔