• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے ہیڈ کوارٹر کی اسلام آباد منتقلی پروجیکٹ پر کام شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی انتظامیہ نے ہیڈ آفس کو بتدریج اسلام آباد منتقل کرنے کے پروجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے ۔ اسلام آباد منتقلی کے پہلے مرحلے میں شعبہ ہیومین ریسورس کو اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے ۔ اس کیلئے پی آئی اے کے شعبہ ہیومین ریسورس کے گریڈ 5 سے لے کر جنرل منیجر تک کے افسران کا فوری طور پر اسلام آباد تبادلہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔ پی آئی اے افسران کے مطابق تبادلہ کیے گئے افسران کی تعداد 50 سے زائد ہے جنہیں 48 گھنٹے کے اندر اسلام آباد رپورٹ کرنے کا احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ تبادلہ ہونے والے افسران میں چار جنرل منیجر ، دس سے زائد ڈپٹی جنرل منیجر اور منیجربھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فلائٹ ریزرویشن کا پورا نظام کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ کاک پٹ اور کیبن کریو کی بڑی تعداد کا بھی اسلام آباد تبادلہ کیا جاچکا ہے ۔ پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں فنانس کے شعبے کو اسلام آباد منتقل کیا جائیگا۔ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 70 فیصد آپریشن لاہور اور اسلام آباد سے ہورہا ہے، اسلئے عملے کا اسلام آباد تبادلہ کیا جارہا ہے ۔ تاہم پی آئی اے کے ترجمان کے پاس اسکا کوئی جواب نہیں تھا کہ اگر آپریشن اسلام آباد سے بڑھ گیا ہے تو آپریشن سے متعلق عملے کا اسلام آباد تبادلہ کیا جائے ۔ اس کا ہیومین ریسورس، فنانس اور فلائٹ ریزرویشن کے شعبہ جات کی اسلام آباد منتقلی سے کیا تعلق ہے۔
تازہ ترین