• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، پاک بھارت کشیدگی کم ہونا خطے اور سب کے مفاد میں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ نریندر مودی کے خلاف اس کی اپنی حکومت کے لوگ اور عوام بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ سوال کررہے ہیں پہلگام واقعے کے 10 منٹ میں کیسے ایف آئی آر درج ہوئی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم تو غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کےلیے تیار ہیں، بھارت کو سمجھ نہیں آرہا کہ الزام تو لگادیا اب آگے کچھ کہنے کو نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے وقت کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد بھارتی چینلز پر بیٹھے ہوئے تھے۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ واضح موقف دیا ہے کہ پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش سے پوری قوت سے نمٹا جائے گا، اپنے پانی کے حق کے دفاع کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کنفرم رپورٹس تھیں لیکن حملے کی ان کی ہمت نہیں ہوئی، کوئی جارحیت ہوئی تو ہم مکمل طور پر تیار ہیں ہمارا جواب ان کی نسلوں کو یاد رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، پاک بھارت کشیدگی کم ہونا خطے اور سب کے مفاد میں ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کا کئی گنا زیادہ جواب دے گا۔

قومی خبریں سے مزید