• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کو 12 رنز سے ہرادیا

دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو 12 رنز سے ہرادیا،قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بناسکی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ایک روزہ میچ آخری پانچ اوورز میں دلچسپ مراحل میں داخل ہوا۔

بٹلر کو دھواں دار سینچری کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیاتھا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کرنے کے لیے فخر زمان اور امام الحق آئے تو دونوں اسکور کو 92 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہوئے، جس کے بعد امام الحق 35 رنز بناکر معین علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد 135 رنز کی شراکت میں فخرزمان اور بابر اعظم شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 227 رنز تک لے گئےاور فخر زمان 135 رنزبناکر آؤٹ ہوئے،انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 233 رنز پر گری ،جس میں بابر اعظم 51 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوئے گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 274 رنز پر گری۔

پانچویں وکٹ کی شراکت میں کپتان سرفراز احمد اور آصف علی نے مل کر 49 رنز کا اضافہ کیا مگر پھر آصف علی 51 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنواکر پویلین کی طرف روانہ ہوئے قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گری،جبکہ پاکستان کی چھٹی وکٹ 345 رنز پر گری۔

گرین شرٹس کے چھٹے آئو ٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جو کہ صرف 8 رنز بنانے کے بعد کیچ آئوٹ ہوئے۔

قومی ٹیم آخری وقت تک سخت مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ساتویں وکٹ بھی 353 رنز پر گنواچکی تھی،انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ویلے اور لیام پلنکٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا پاکستان کو 373 رنز کا ہدف

 بٹلر کی دھواں دار سینچری کی بدولت انگلینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، پاکستان کے بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنائے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے 115رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

بیرسٹو 45 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین جوئے روٹ نے جیسن روئے کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 177 تک پہنچادیا۔

جیسن روئے جو عمدہ بیٹنگ کررہے تھے حسن علی کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے، وہ 98 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جوئے روٹ تھے جو 40 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 211 رنز تھا۔

کپتان ایون مورگن اور وکٹ کیپر بیٹسمین بٹلر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں162 رنز بناکر ٹیم کا اسکور373رنز تک پہنچادیا۔

جوز بٹلر نے 55 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز بنائے جبکہ کپتان مورگن 48 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین