• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہِ صیام کےآخری عشرے میں اعتکاف کرنا سنتِ رسول ﷺہے، جس کے لیے معتکفین 20ویں روزےکو غروبِ آفتاب سے پہلے اعتکاف کے مقام پر پہنچ جاتے ہیں، جب کہ خواتین اپنےگھروں میں اس کا اہتمام کرتی ہیں۔ یقیناً آج آپ کا بھی کوئی پیارا، عزیز، رشتے دار، محلّے دار اعتکاف بیٹھ رہا ہوگا، تو کیوں نہ ان کے افطار کے لیے کچھ خاص اہتمام کرلیا جائے۔ تو لیجیے، چند تراکیب ہماری جانب سے بھی پیش ہیں۔

ریشمی رومالی سموسے

اجزاء: چکن ایک پائو، گائے کا گوشت(چھوٹی بوٹیاں) ایک پائو، نمک اور سُرخ مرچ حسبِ ذائقہ، پیاز(باریک کٹی ہوئی)تین عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، دار چینی دو عدد، ہری مرچیں چار عدد،سموسے کی پٹیاں حسبِ ضرورت اور تیل۔ 

ترکیب: ایک پتیلی میں چکن، گائے کا گوشت، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور دار چینی ڈال کر اُبال لیں۔ پھر پیس کر قیمہ بنالیں اور اس میں باقی اجزاء اچھی طرح مِکس کردیں۔ اب سموسے کی پٹّی میں قیمے کا مسالا ڈال کر تکون شکل نہ بنائیں، بلکہ رومال کی طرح چاروں طرف سے موڑ کر فرائی کرلیں۔اسی طرح باقی آمیزے سے بھی سموسے تیار کرلیں۔

کچوری، آلو ترکاری

کچوری کے اجزاء: میدہ اور آٹا(مِکس)آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، کھانے کا سوڈا تھوڑا سا، مونگ کی دال (نمک اور آدھاچمچ سُرخ مرچ ڈال کےاُبال کر پیس لیں)آدھا پائو اور تیل حسبِ ضرورت۔

آلو کی ترکاری بنانے کے لیے:آلو (چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں)آدھا کلو، سونف دو چائے کے چمچ، کلونجی ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ثابت گول لال مرچ دس عدد، امچور تین عدد۔

ترکیب: مِکس آٹے میں نمک، سوڈا اور ایک کھانے کا چمچ تیل شامل کرکے پانی سے گوندھ کے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر اس میں دال بَھر کر کچوریوں کی شکل میں فرائی کرلیں۔آلو کی ترکاری بنانے کے لیے ایک پتیلی میں آلو اور تمام اجزاء ڈال کر اُبالیں اور آخر میں امچور ڈال دیں۔

پنیر رول

اجزاء : پنیر ایک پائو، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی)ایک پائو، مٹر آدھا پائو، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ(پِسی ہوئی)دو کھانے کے چمچ ، شملہ مرچ(کٹی ہوئی)ایک کپ، تیل حسبِ ضرورت اوررول کی پٹیاں۔

ترکیب: ایک باؤل میں پنیر، بند گوبھی، مٹر، شملہ مرچ، نمک اور کالی مرچ ڈال کرمِکس کرلیں۔ اس کے بعد آمیزے کو رول کی پٹیوں میں بَھر کر دونوں سرے بند کردیں۔گرم تیل میں ہلکے سُرخ ہونے تک تل لیں۔

لونگ چڑے

اجزاء: بیسن ایک پائو ،نمک حسب ِذائقہ اور کھانے کا سوڈا تھوڑا سا۔

چٹنی کے لیے: دھنیا ایک گڈی، پودینا ایک گڈی، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں چار عدد، لال مرچ(پِسی ہوئی)حسبِ ذائقہ، نمک حسبِ منشاء اور املی(ایک گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو دیں) آدھا کپ۔

سجاوٹ کے لیے:پیاز (لچّھے دار کٹے ہوئے) دو عدد، ہرا دھنیا،پودینا (باریک کاٹ لیں)آدھی آدھی گڈی اور ہری مرچیں( باریک کٹی ہوئی) تین عدد۔

ترکیب: بیسن میں نمک اور سوڈا مِکس کرکے گھول کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران املی کے بیج نکال کر ایک باؤل میں چٹنی بنانے کے تمام اجزاء ڈال کرچٹنی بنا لیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے پکوڑوں کی طرح بڑے فرائی کرکےگرم پانی میں ڈال دیں۔ تھوڑی دیر بعد انہیں ہلکے ہاتھوں سے دبا کر پانی نچوڑ لیںاور ایک گہری ٹرے میں پہلے بڑے رکھیں،پھر ان پر چٹنی ڈالیں اور آخر میں پیاز، ہرا مسالا(دھنیا، پودینا اور مرچیں) چھڑک دیں۔

(پھول علی جعفری پہرسری)

تازہ ترین