بالی ووڈاداکار عمران خان کافی عرصے سےفلمی پردے سے غائب ہیں نہ اُن کی کوئی خبر ہے نہ کوئی اُن کی آنے والی فلم کا پتہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فلموں کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھانجے عمران خان اور اُن کی اہلیہ میں ان بن ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اُن کی اہلیہ اوانتیکا اپنی بیٹی اِمارہ کے ہمراہ عمران خان کا گھر چھوڑ کر اپنے میکے چلی گئیں ہیں ۔
دہلی بیلی کے ہیرو عمران خان کے قریبی حلقوں میں ہل چل مچ گئی ہے اور اُن کے دوست اور اہلِ خانہ کو بھی معلوم نہیں کہ اوانتیکا نے گھر کیوں چھوڑا اور وہ اپنے میکے کیوں چلی گئیں ہیں، جبکہ عمران خان اور اوانتیکا کے دوست احباب اس مسئلے کو حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔
عمران خان اور اوانتیکا 2011 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 2014 میں اُن کے یہاں اِمارہ کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہےکہ عمران خان کی آخری فلم ’کٹی بٹی‘ تھی جوکہ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، اس سے پہلے عمران خان’ جانےتو یا جانے نا‘ ، اک میں اور یک تو‘ ’آئی ہیٹ لو اسٹوری‘ ’ کڈنیپ‘ ’میرے برادر کی دلہن ‘ اور دہلی بیلی میں کام کر چکے ہیں۔