• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس رمضان ، معذور لڑکی نے سب کو رُلا دیا، 25 لاکھ کا عطیہ

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹی وی کی براہ راست رمضان نشریات ”احساس رمضان“ 16 ویں روز طیبہ، طاہرہ، عفیفہ، محدثہ اُم المومنین حضرت عائشہؓ کے پُر نور ذکر سے مہکتی رہی۔ جذبہ خدمت میں آنے والی ٹریفک حادثے کا شکار بچی آمنہ کی درد ناک داستان نے دیکھنے اور سننے والوں کو بے اختیار رونے پر مجبور کردیا۔ ٹرانسمیشن کے مہمان ”جیوفلمز“ کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ”رانگ نمبر2“ کے ہدایتکار، اداکار اور رائٹر یاسر نوازاور فلم کی ہیروئن نیلم منیر اور میزبان رابعہ انعم بھی اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے اور سب کی ہچکیاں بندھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق شیریں جناح کالونی کا خاندان ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا، دو بہن بھائی تو صحت یاب ہوگئے لیکن آمنہ معذور ہوگئی، اس کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی جس کے باعث وہ معذور ہوگئی اور پھر تین سال بستر پر لیٹے لیٹے اس کے بیڈ سول ہوگئے۔ وہ ”جذبہ خدمت“ میں آئی تو اس کے ماں باپ بھی ساتھ تھے، جنہوں نے اپنی باتوں سے وہاں موجود ہر شخص کو رُلا دیا۔ دیکھنے والے، رشتے دار اور خود میزبان رابعہ انعم کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے، وہ ہچکیاں لے لے کر رو رہی تھی، یاسر نواز اور نیلم منیر کی آنکھ میں بھی آنسو رواں تھے، اس بچی کے علاج کیلئے 25 لاکھ روپے درکار تھے اور گوجرانوالہ کے مطیع اللہ کی پہلی فون کال آئی اور اُنہوں نے 25لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تو رابعہ انعم اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھوں میں اس بار خوشی کے آنسو تھے آمنہ اور اس کے والدین کے آنسو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔ اُنہوں نے دُعا کیلئے ہاتھ اُٹھا رکھے تھے۔ اس کے علاوہ فون پر مسز اعجاز نے ہر ماہ 10 ہزار روپے عطیہ خرچ کا اعلان کیا ۔ مفتی عمران الحق کلیانوی نے دُعا کرائی اس کے بعد جب آمنہ سے سوال کیا گیا کہ جب تم ٹھیک ہو جاؤ گی تو کیا کرو گی تو اس نے روتے روتے کہا کہ میں سب سے پہلے قبرستان اپنے منگیتر کی قبر پر جاؤں گی جو میرے چچا کا بیٹا تھا اور مجھ سے بہت محبت کرتا تھا، وہ کہتا تھا کہ تم ٹھیک ہو جاؤ میں تمہارا انتظار کروں گا۔ مگر وہ تو میرا انتظار نہ کر سکا مگر میں اب اس کا انتظار کررہی ہوں۔ اس کی اس بات سے ہر شخص افسردہ ہوگیا۔ رابعہ انعم کی آنکھوں میں پھر آنسو تھے اور اس نے آمنہ کو خوب پیار کیا اور اُسے خوب دُعائیں دیں۔ ٹرانسمیشن کے دوران اسلام کیلئے حضرت عائشہ ؓ کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ تلاوت، حمد اور نعتیہ کلام سے بھی ایمان کو ٹھنڈک ملتی رہی۔ عالم دین علامہ کوکب نورانی اوکاڑی نے کہا کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا میرے پیارے نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لئے میرے رب کریم کا انتخاب ہیں اور دنیا و آخرت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زوجہ محترمہ ہیں ، علماءاسلام کا کہنا ہے کہ اگر دین کے تین حصے کئے جائیں تو ایک حصہ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓسے امت کو پہنچا ہے انہی کی بدولت امت کو تیمم کا حکم ملا ہے ، 2200 سے زیادہ احادیث ان سے مروی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح فرمادیا ہے نبی کریم کی ازواج دوسری عورتوں کی طرح نہیں یعنی نسبت رسول کی وجہ سے انہیں خصوصی عز و شرف حاصل ہے اور وہ مومنین کی مائیں ہیں ان کا ادب اور احترام ہر مومن پر لازم ہے ۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓکے فضائل و مناقب بہت ہیں اور قرآن مجید میں خود اللہ تعالیٰ نے ان کی شان اور برائت میں متعدد آیات نازل فرمائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو علوم اسلامیہ اور شرم و حیا سے خود کو آراستہ کرنا چاہئے تاکہ وہ بہترین مائیں بن سکیں۔ کچن میں شیف ناہید انصاری نے کیریمل پڈنگ اور چکن پین کیک رول بنائے۔ ”کھانا گھرانہ“ میں نند بھابھی کے درمیان کھڑی دال بنانے کا مقابلہ ہوا۔ فاتح ٹیم کو موٹربائیک جبکہ رنر اَپ کو واشنگ مشین تحفے میں دی گئی۔ ”مکافات“ میں حلال رزق کے حوالے سے کہانی دکھائی گئی۔ ڈرامائی تشکیل میں پیش کی گئی اس بار سبق آموز کہانی کا پہلا حصہ نشر کیا گیا اِس کا دوسرا حصہ جمعرات کو نشر ہوگا۔ کوئز شو میں اس بار بھی ٹیم ”محمد علی جناح“ فاتح رہی۔ ننھی سی خواہش میں ایک گردے سے محروم بچے دانیال کو لایا گیا جس نے فائیو اسٹار ہوٹل ٹھہرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دانیال کو فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا گیا جہاں اُس نے تمام دِن خوب انجوائے کیا۔ روزہ کشائی سیگمنٹ میں بچی صہیما نے اپنا پہلا روزہ افطار کیا۔ ”امیلیا کاظمی اور یوشا کاظمی“ بھی سیگمنٹ ”بچے من کے سچے“ کا حصہ بنے جنہوں نے مہمانوں سے گپ شپ کی۔ ”جیوفلمز“ ڈسٹری بیوشن کلب اور وائی این ایچ فلمز کے اشتراک سے میٹھی عید پر سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ”رانگ نمبر2“ کے ایکٹر، رائٹر اور ڈائریکٹر یاسر نواز اور فلم کی مرکزی اداکارہ نیلم منیر نے بھی اپنی گفتگو سے رنگ بکھیرے۔ دونوں اداکاروں نے کھانا گھرانا سیگمنٹ کی ٹیموں کو بھی بھر پور سپورٹ کیا۔ یاسر نواز نے بتایا کہ ایک بار میں نے پوری چکن کڑھائی بنائی لیکن تیل ڈالنا بھول گیا، اس دِن کے بعد احساس ہوا کہ کھانا پکانا اناڑیوں کا کام نہیں۔

تازہ ترین