• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے 3 اسپتالوں کا کنٹرول وفاق نے سنبھال لیا، نوٹیفکیشن جاری، صوبائی خودمختاری پر سنگین حملہ ہے، بلاول بھٹو

کراچی(نیوز ایجنسیز / اسٹاف رپورٹر)عدالتی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ کےتین بڑے اسپتالوں جناح، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)اور صحت اطفال (این آئی سی ایچ)کا انتظامی اور مالی کنٹرول سنبھال لیا جس کا وزارت صحت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ ان تینوں اسپتالوں کے انتظامی امور منسٹری آف نیشنل ہیلتھ کے تحت چلائے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کےبعد سربراہ جناح اسپتال سیمی جمالی رخصت پر چلی گئیں ۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے تین اسپتالوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے اپنی تحویل میں لینے کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اپنے نوٹیفکیشن واپس لے کیونکہ پی ٹی آئی حکومت کا یہ اقدام اٹھارویں آئینی ترمیم اور صوبائی مختاری پر ایک سنگین حملہ ہے،قیمتی اثاثوںپر قبضے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی حکومت نے جناح، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)اور صحت اطفال (این آئی سی ایچ)کی وفاق کو منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے 17؍ جنوری 2019ء کے احکامات کی روشنی میں منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کورڈی نیشن نے نوٹیفکیشن گزٹ جاری کردیا۔ وفاق کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جناح ، قومی ادارہ برائے امراض قلب ، قومی ادارہ برائے صحت اطفال اب وفاقی حکومت کے تحت چلائے جائیں گے۔ تینوں اسپتالوں کے تمام انتظامی امور اب منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ کوآرڈی نیشن کے تحت چلائے جائیں گے اور تینوں اسپتالوں کے ملازمین اب وفاق کے ماتحت کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تینوں اسپتالوں کے ملازمین کے کوائف متعلقہ وزارت پہلے ہی حاصل کرچکی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں اسپتالوں کی موجودہ انتظامیہ کو اسپتال کے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وفاق کو تمام امور کی منتقلی میں کم سے کم 2؍ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسپتالوں کی وفاق کو واپسی کی منظوری 2 اپریل کے اجلاس میں دی تھی جب کہ سندھ حکومت اس تمام معاملے پر عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرچکی ہے۔ادھر این این آئی کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے بعد جناح اسپتال کی سربراہ سیمی جمالی رخصت پر چلی گئیں ہیں۔
تازہ ترین