• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وارم اپ میچ: افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرادیا

ورلڈ کپ 2019ء میں پہلے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو باآسانی 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لئے 263 رنز کا ہدف دیا، جو افغان بیٹسمینوں نے  7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر امام الحق اور فخرزمان نے 47 رنز کا اچھا آغاز دیا لیکن امام الحق 32 رنز بناکر فخرزمان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 19 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اسی اوور میں محمد نبی نے صرف ایک رن پر حارث سہیل کو بھی کلین بولڈ کردیا۔

یکے بعد دیگر دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی، 20 اوورز میں پاکستان کا مجموعی اسکور 100 رنز تھا، محمد حفیظ 20 گیندوں پر صرف 12 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر رحمت شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

شعیب ملک نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 103 رنز جوڑے۔

شعیب ملک تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں محمد نبی کی گیند پر نجیب اللہ زردان کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔

شعیب ملک 59 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شعیب کے بعد کپتان سرفراز بیٹنگ کے لئے آئے لیکن وہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 13 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے نئے آنے والے بیٹسمین عماد وسیم کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور شاندار سنچری مکمل کی۔

بابر اعظم 108 گیندوں پر 112 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

حسن علی 6 اور شاداب خان ایک رن بناسکے، جبکہ عماد وسیم 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 47 اعشاریہ 5 اوورز میں 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے بیٹسمینوں نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا۔

محمد شہزاد 23 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تو رحمت شاہ بیٹنگ کے لئے آئے۔

افغانستان کی پہلی وکٹ 80 رنز پر گری، حضرت اللہ زازئی 28 گیندوں پر 49 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

رحمت شاہ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سمیع اللہ شنواری نے 22، اصغرافغان نے 7 اور محمد نبی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

حشمت اللہ شاہدی نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے، یوں افغانستان نے مطلوبہ ہدف دو گیندوں قبل حاصل کرلیا۔

میچ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، آصف علی، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

دوسری جانب افغانستان کی ٹیم کپتان گلبدین نائب، محمد شہزاد، نور علی زدران، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، اصغر افغان، حشمت اللہ شہیدی، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، راشد خان، دولت زدران، آفتاب عالم، حامد حسن اور مجیب الرحمان پر مشتمل تھی۔

ورلڈکپ 2019 کا باقاعدہ آغاز 30 مئی سے ہوگا تاہم اس سے قبل تمام ٹیمیں 2، 2 وارم اپ میچز کھیلیں گی۔

ٹیم پاکستان 26 مئی کو اپنا دوسرا وارم اپ میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔


تازہ ترین