• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی نائب صدر کی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان آمد

چین کے نائب صدر وانگ کی شان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیر خارجہ شاہ محمود نے ان کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق چین کے نائب صدر کے اعزاز میں آج ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گئی، جس میں صدر پاکستان عارف علوی چین کے نائب صدر وانگ کی شان کو نشان پاکستان کا ایوارڈ دیں گے۔

چینی نائب صدر وفد کے ہمراہ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملیں گے ، ان کے اس دورے میں نائب وزیر خارجہ، نائب وزیر زراعت، اور منصوبہ بندی کے ادارے کے سربراہ بھی شامل ہیں۔

چین کے نائب صدر وانگ کی شان آج اسلام آباد میں ’’فرینڈز آف سلک روٹ‘‘ سیمینار میں بھی شرکت کریں گے، وہ سی پیک اور’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ منصوبے پرپاکستانی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چینی نائب صدر ٹیکسلا بھی جائیں گے جہاں پر انہیں گندھارا تہذیب سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر دورے میں پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملیں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پردستخط کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چینی نائب صدروانگ کی شان چائنا کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں،ان کے دورے کا مقصد پاک چین اعلیٰ سطح تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھناہے۔

تازہ ترین