• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب ویڈیو پر وزیراعظم پارلیمنٹ میں آکرجواب دیں،محمد زبیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ چیئرمین نیب سے متعلق لیک ویڈیو آڈیو جس چینل پر چلے وہ عمران خان کے مشیر ہیں عمران خان کو چاہیے پارلیمنٹ میں آکر ان چیزوں کا جواب دیں، بہت سی ایسی باتیں ہوجاتی ہیں پارٹی کے لوگوں کی طرف سے جو پارٹی موقف نہیں ہوتیں اس میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ شہباز شریف کا اور نوازشریف کا موقف الگ الگ ہے یہ میڈیا نے بنایا ہوا ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ اب بھی ہے نیب چیئرمین نے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر حکومت کے اتحادی گرفتار کر لوں تو حکومت ختم ہو جائے گی اگر اس کڑی کو ویڈیو لیک سے جوڑیں تو مسئلہ واضح ہو جاتا ہے جو ویڈیو لیک ہوا ہے اس کی تحقیقاتی ہونی چاہیں بظاہر اس کے تانے بانے وزیراعظم ہاؤس سے ملتے ہیں ضروری ہے اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بات ہو۔سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ایسی ٹیم ہے کہ کسی وقت بھی کچھ بھی کر سکتی ہے مجموعی طور پر ہماری ٹیم اچھی ہے شعیب ملک اور حفیظ کو آخری کے دس پندرہ اوور دینے چاہیں کیوں کہ یہ تیز کھیل سکتے ہیں سرفراز اگر چوتھے نمبر پر آتے ہیں تو ہمارے پاس نیچے تک بیٹسمن ہیں آصف علی کو ٹیم میں ہونا چاہیے اعتماد دیا جائے لڑکوں کو تو سیمی فائنل تک پہنچ سکتے ہیں۔سابق باؤلر عاقب جاوید نے کہا کہ میرا خیال ہے عماد اور شہنشاہ آفریدی سے نئی بال کروائیں اور مڈل میں حسن علی، وہاب کو لایا جائے پاکستان نے اگر جیتنا ہے بیٹنگ اچھی رہی ہے باؤلنگ میں جان مارنی پڑے گی۔میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ بہت کم ایسا دیکھا گیاپاکستان میں ایک ہی عید منائی گئی ہے زیادہ تر یہ دیکھا جاتا ہے کہ ملک کے کچھ حصے میں عید منا لی جاتی ہے کچھ حصے میں بعد میں منائی جاتی ہے ۔ فواد چوہدری نے کچھ عرصہ پہلے کہا کہ وہ قمری کلینڈر متعارف کرائیں گے جس سے یہ تنازعہ حل کرنے میں مدد حاصل ہوگی اس حوالے سے مون سائیٹنگ ویب سائٹ لاؤنچ کر دی گئی ہے جس سے بتایا جاسکتاہے کہ اگلے چند سال تک قمری کلینڈر کیا ہوگا اور چاند کب کب نظر آئے گا۔ کلینڈر میں اگلے پانچ سالوں تک عید کی تاریخیں دے دی گئیں ہیں اور اس سال عید کا اعلان کر دیا گیا ہے کہ پانچ جون کو اس سال عید منائی جائے گی ۔ فواد چوہدری نے پہلے بھی اس کلینڈ ر کی بات کی تھی تو علماء برادری کی طرف سے اُن پر اعتراضات آئے تھے اور آج فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس کلینڈ کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں رہی ہے علما فکر نہ کریں اُن کا رول ختم نہیں ہوا ہے ۔اس حوالے سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی طرف سے کلینڈر ہمیں مل گیا ہے اور اس کلینڈر میں چاند کی تاریخ اور چاند کا مشاہدہ ہونے کی تاریخیں تفصیل کے ساتھ دی گئی ہیں ہمارا جو شبعہ تحقیق ہے اُن کو کہا ہے کہ وہ اس کا جائزہ لیں اور علماء کرام کے ساتھ مشاورت کریں ہم نے وزیر سائنس ٹیکنولوجی کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ رویت ضروری ہے اس لئے ہمیں اس بات کی ضرورت ہوگی کہ جو ماہرین فقہ ہیں علماء کرام اس کے ساتھ ساتھ فلکیات اور موسمیات کے جو ماہرین ہیں ان کا ایک مشترکہ اجلاس ہو اور اس اجلاس میں ہم یہ طے کریں کیوں کہ شہادت کی بھی ضرورت پڑے گی کلینڈر کی افادیت اپنی جگہ ممکن ہے پاکستان میں ایک ہی عید ہو ۔

تازہ ترین