• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ،یوم علی کےجلوس کا روٹ پہلی بار تبدیل

کراچی میں یوم علی کے جلوس کی سیکیورٹی کے سلسلے میں گزرگاہ کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ پر ہورہے ترقیاتی کام کے باعث جلوس کا روٹ پہلی بار تبدیل کیا گیا ہے۔

یوم علی کے موقع پر جلوس کی سیکیورٹی کے لئے جلوس کے روٹ پر آنے والیں تمام دکانیں سیل کردی گئیں، جلوس کے روٹ کی طرف آنے والی سڑکوں اورلنک روڈ پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں۔

جلوس دوپہر 12 بجے کے بعد  نشتر پارک سے برآمد ہوگا، ایم اے جناح روڈ پر ترقیاتی کام کے باعث جلوس کا روٹ تبدیل کیا گیا ہے ، جلوس کے شروع ہوتے ہی کسی بھی قسم کے ٹریفک کو گرومندر سے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یوم علی کے جلوس کے موقع پر جاری ٹریفک پلان کے مطابق مرکزی جلوس دوپہر 1 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو حسینہ ایرانیان امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس مزار قائد،پی پی چورنگی، نیوایم اے جناح روڈ، کوریڈور 3 سے گزرے گا، جلوس ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ سے گزرے گا جس کے بعد ایم اے جناح روڈ سےجلوس بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا منزل پر پہنچے گا۔

جلوس کے شرکاء مزار قائد کے مرکزی دروازے پر نماز ظہرین مولانا رضا حیدر کی قیادت میں ادا کرینگے۔ سیکیورٹی کے فرائض پولیس اور رینجرز نے سنبھالے ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹریفک کو گرومندر سے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک سولجر بازار، انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتر روڈ موڑا جائے گا۔

ناظم آباد سےآنے والاٹریفک لسبیلہ سے نشتر روڈ پر موڑ دیا جائیگا، لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک مارٹن روڈ جمشید روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ لیاقت آباد سےٹریفک کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی، جیل روڈ سے ٹریفک جمشیڈ روڈ، کشمیرروڈ، شاہراہ قائدین پر موڑ دیا جائے گا۔

اسٹیڈیم روڈ سےآنے والی ٹریفک کونیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہوگی، نمائش جانیوالی ٹریفک کو شاہراہ قائدین پر سوسائٹی آفس سے آگے جانے نہیں دیا جائیگا۔

اس موقع پر کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین