بھارتی فلمساز ڈیوڈدھون نے اپنے بیٹے ورون دھون کی رواں سال دسمبر میں شادی کی خبروں کو افوہیں قراردیتے ہوئےانکشاف کیا ہے وہ ابھی بہت مصروف ہیں ،ان کی شادی اس سال نہیں ہو سکتی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ دھون نےکہا ہے کہ’’ ورون دھون اور اُن کی دوست نتاشادلال اس سال شادی نہیں کر رہے، شادی سےمتعلق خبریں جھوٹی ہیں۔ ورون اور نتاشا اگلے سال شادی کریں گے۔‘‘
ڈیوڈ دھون نے مزید کہا کہ ’’ فی الحال میرا بیٹا ریمو ڈسوزا کی فلم میں مصروف ہے، اُس کے بعدوہ میری فلم میں کام کریں گے۔ اسی لیے اس سال شادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، شادی اگلے سال ہی ہوگی اُس سے پہلے ممکن نہیں۔‘‘
اُنہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میڈیا نے شادی کی جگہ، مہینہ اور تاریخ تک کا فیصلہ کر لیا ہے تو اب تاریخ بھی وہی ( میڈیا والے) بتا دیں۔ تاریخ کا فیصلہ کرنے کے بعد مجھے ضرور بتایئے گا تاکہ میں اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت کر سکوں۔‘‘
فلم’ میں تیرا ہیرو ‘کے فلمسازنے میڈیا کو بتایا کہ اپنے بیٹے کو شادی کرتا دیکھ کر مجھے اچھا لگے گا، مگر آپ کا خیال ہے کہ وہ میری سنےگا ؟
اُنہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت کہہ سکتا ہے کہ میں شادی کر رہا ہوں، میں اور میری بیوی اُٹھیں گے اور شادی کی تیاریاں شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ ورون دھون نے رواں ماہ ایک ٹاک شومیں شرکت کےدوران اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اور نتاشا دلال رواں سال دسمبر میں شادی کر لیں گے۔ دونوں اپنے خاندان والوں کے ہمراہ آج کل شاندار شادی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ شادی بھارت کے شہر گوا میں ہوگی۔