امریکا نے بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال کو انتہائی سنجیدہ اور پیچیدہ قرار دیا ہے اور ایک بار پھر زور دیا ہے کہ دونوں ملک ذمہ دارانہ حل کیلئے کام کریں جس سے جنوب ایشیا میں طویل المدتی اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اور ڈائنامک ایشو ہے، صورتحال مسلسل بدل رہی ہے، واضح طور پر ہم اب بھی اسے انتہائی قریب سے مانیٹر کررہے ہیں۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ذمہ دارانہ حل کیلئے کام کریں جس سے جنوب ایشیا میں طویل المدتی اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا دونوں ملکوں کی حکومتوں سے مختلف سطح پر رابطے میں ہے، ہم اس صورتحال کو دور سے نہیں دیکھ رہے۔ ہم رابطے میں ہیں اور اس انتہائی پیچیدہ صورتحال سے آنیوالی رپورٹس سے آگاہ ہیں۔