• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب لندن میں بکنگھم پیلس کے باہر سجائی گئی۔

سرفراز احمد سفید رنگ کا شلوار قمیض اور سبز کوٹ پہن کر تقریب میں شریک ہوئے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت تمام 10 کپتانوں کی ملکہ برطانیہ سے ملاقات کرائی گئی، اس موقع پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض سابق انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے انجام دیئے، ورلڈ کپ میں شریک تمام 10 ٹیموں کے کپتان بھی تقریب میں شریک تھے۔

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈ بھی تقریب میں موجود تھے۔

ورلڈ کپ کا آغاز جمعرات کو اوول لندن میں میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے شروع ہورہا ہے۔

انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں46 دن کے دوران دنیا کی دس صف اول کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ دس گراؤنڈز میں میچ ہوں گے۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں اپنے اپنے 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور 14 جولائی کو فائنل مقابلہ ہوگا۔

پاکستان اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا، 12 جون کو آسٹریلیا، 16 جون کو بھارت، 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔

پاکستان کے تمام میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔

تازہ ترین