نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی مارکیٹ آپریٹر کا لائسنس نئی کمپنی کو منتقل کردیا۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق بجلی کی مارکیٹ کا لائسنس انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر پاکستان کو منتقل کر دیا ہے۔
حکومت نے حال ہی میں انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر آف پاکستان نئی کمپنی بنائی تھی، بجلی کے مارکیٹ آپریٹر کا یہ لائسنس پہلے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے پاس تھا۔
اعلامیے کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی سے مارکیٹ آپریٹر کا اختیار واپس لے لیا گیا، مارکیٹ آپریٹر لائسنس 30 اپریل 2025ء سے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کو منتقل کیا گیا ہے۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق نئی کمپنی بجلی کے خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان نظام کو شفاف بنائے گی، جس کا مقصد بجلی کی منڈی کو آزاد، شفاف اور مسابقتی بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اب صرف حکومت کی جانب سے بجلی خریدنے کا کردار ادا کرے گی، حکومت نئی کمپنی کی مدد سے نجی شعبے کو بجلی خرید و فروخت کے کاروبار میں لائے گی۔