• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ایونٹ میں اب تک سارے میچز جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست کا مزہ چکھادیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے ہرادیا، 39 رنز اور 3 وکٹ لینے والے سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اینڈرس گوس 41، سلمان آغا 36 اور کپتان شاداب 13 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے اور کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ جاسکا۔

حارث روف نے 4، سکندر رضا نے 3 جبکہ شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور ٹم کیرن نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شاہین آفریدی الیون نے شاداب خان الیون کو 210 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 209 رنز بنائے، فخر زمان 44، سکندر رضا 39، ڈیرل مچل 28، محمد نعیم 25 اور عبداللہ شفیق 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ سیم بلنگز 38 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے 2،2 وکٹ حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز اور شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان ہیں۔

لاہور قلندرز کا ایونٹ میں 7ویں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا چھٹا میچ ہے، شاہین آفریدی الیون نے 3 میچ جیتے اور اتنے ہی میچز میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچ میں فتح کے ساتھ ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ لاہور قلندرز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید