وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گندم خریداری مہم کی کامیابی پر کاشتکاروں سے اظہار تشکرکیا ہے اور گندم خریداری کے ہدف کے حصول پر صوبائی وزیر خوراک، سیکریٹری خوراک اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی جا نب سے گندم خریداری مہم کی پذیرائی پر صوبہ بھر میں 8لاکھ21ہزار کاشتکاروں کوشکریہ کے ایس ایم ایس بھیجے گئے۔
وزیراعلیٰ کاکہناہے کہ میں پنجاب حکومت کی گندم خریداری مہم کی پذیرائی پر کاشتکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور گندم خریداری مہم 2019ء کے دوران کسانوں کو پہلی باران کی محنت کاپورا معاوضہ ملا ہے۔ 32.5لاکھ ٹن گندم کے عوض106ارب روپے کی فوری ادائیگی کی گئی ہے اورسیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر تمام کاشتکاروں کو بلا تخصیص باردانہ کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
انہوں نے کہاکہ گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرکے انہیں ان کا حق دیا گیااورچھوٹے کاشتکار کے حقوق کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فصل کامقررکردہ معاوضہ ملااورگندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئیں۔کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے میں نے گندم خریداری مہم کی خود نگرانی کی۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصا ف کی حکومت کسان دوست حکومت ہے اور کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے کیے ہیں۔ آئندہ بھی کاشتکاروں کی فلاح اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔